ترکمانستان کے حکام نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ ان کا ملک رواں سال کے اختتام تک افغانستان کے شہر ہرات تک گیس پائپ لائن کا ایک حصہ مکمل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے سکیورٹی چیلنجز کے باوجود بین الاقوامی مالی معاونت حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگی، جس کے بعد پائپ لائن کو انڈیا تک توسیع دی جا سکے گی۔
ترکمانستان کے حکام کے مطابق اس پائپ لائن کا وہ حصہ، جس پر 2024 سے کام جاری ہے، 2027 کے اوائل میں افغانستان کے تیسرے بڑے شہر ہرات تک گیس کی ترسیل شروع کر دے گا۔
افغان میڈیا کے مطابق اس حصے کی تعمیر پر اندازاً 600 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ ہرات تک پائپ لائن کا یہ حصہ ایک وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے، جس کے ذریعے سالانہ 33 ارب مکعب میٹر گیس کی ترسیل کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
یہ مقدار اس 50 کروڑ مکعب میٹر گیس سے 66 گنا زیادہ ہے جسے ترکمانستان کے حکام کے مطابق افغانستان ابتدائی طور پر سالانہ خریدنے کی توقع رکھتا ہے۔
اس طرح پائپ لائن میں پاکستان اور انڈیا جیسی بڑی منڈیوں کو گیس فراہم کرنے کی خاطر خواہ گنجائش باقی رہے گی۔ یہ دونوں ممالک سالانہ مجموعی طور پر تقریباً 45 سے 50 ارب مکعب میٹر قدرتی گیس درآمد کرتے ہیں، جس کا تقریباً تمام حصہ سمندر کے راستے درآمد کی جانے والی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) پر مشتمل ہے۔
تجزیہ کاروں، سرمایہ کاروں اور توانائی کے شعبے سے وابستہ افراد ایک عرصے سے ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور انڈیا کے مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے، جسے مختصراً تاپی کہا جاتا ہے، کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے آئے ہیں۔ ان کے مطابق افغانستان میں تنازع اور انڈیا و پاکستان کے درمیان کشیدگی اس منصوبے کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔
اب تک اس منصوبے کے لیے مالی وسائل ترکمانستان ہی فراہم کرتا آیا ہے۔
تجزیہ کاروں نے تاپی منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 10 ارب ڈالر لگائی ہے اور کہا ہے کہ سرمایہ کار اس منصوبے میں سرمایہ کاری سے گریز کر سکتے ہیں، کیونکہ ترکمانستان سمیت عالمی برادری نے افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔
تاہم ترکمانستان کے حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے اور مشرق وسطیٰ سے توانائی کی فراہمی کے متبادل ذرائع کی بڑھتی ہوئی طلب سے توانائی کی درآمدات میں تنوع پیدا کرنے کے منصوبے میں دوبارہ دلچسپی پیدا ہو سکتی ہے۔
دنیا میں قدرتی گیس کے چوتھے بڑے ذخائر رکھنے والے ترکمانستان کی برآمدات کا تقریباً تمام انحصار چین پر ہے۔ اس لیے پائپ لائن کو مزید آگے بڑھانے سے اسے نئی منڈیاں میسر آ سکیں گی۔
افغانستان کی سرکاری گیس کمپنی نے اگست میں بتایا تھا کہ اس نے ہرات تک پہنچائی جانے والی گیس خریدنے کے لیے ابتدائی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، تاہم قیمت کی وضاحت نہیں کی گئی۔
روئٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواست پر ہرات صوبے کے طالبان گورنر کے دفتر نے کہا: ’تاپی منصوبہ اپنے ساتھ معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی امید لے کر آیا ہے۔‘
پائپ لائن منصوبے کی ذمہ دار ترکمان سرکاری کمپنی کے سربراہ محمدمراد امانوف نے روئٹرز کو بتایا کہ ہرات تک پائپ لائن کا حصہ ’ابتدائی آمدنی کا ذریعہ بنے گا اور قرض دہندگان کا اعتماد بڑھائے گا۔‘
انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک کو ممکنہ مالی معاون اداروں کے طور پر نامزد کیا۔
اسلامی ترقیاتی بینک نے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا۔
بینک نے روئٹرز کو بتایا کہ 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد اس نے افغانستان کو معمول کی امداد روک دی تھی، تاہم وہ تاپی منصوبے سے رابطے میں ہے۔
بینک نے کہا: ’تکنیکی معاونت یا مالی وسائل فراہم کرنے کا کوئی بھی فیصلہ اس وقت کے حالات پر منحصر ہوگا اور اس کے لیے مناسب جانچ پڑتال اور بینک کی متعلقہ منظوریوں کا حصول ضروری ہوگا۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ترکمانستان کا کہنا ہے کہ وہ 153 کلومیٹر طویل سرحد آباد، ہرات پائپ لائن کے تقریباً 124 کلومیٹر (77 میل) حصے میں ویلڈنگ اور پائپ بچھانے کا کام مکمل کر چکا ہے۔
اگرچہ اس پیش رفت سے افغانستان میں پائپ لائن کا بیشتر حصہ تقریباً مکمل ہو گیا ہے، تاہم یہ پاکستان اور انڈیا تک جانے والے مجوزہ 1800 کلومیٹر طویل راستے کے دسویں حصے سے بھی کم ہے۔
اشک آباد میں تعینات ایک مغربی سفارت کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا: ’صرف تجارتی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو چین کو گیس کی برآمدات زیادہ سے زیادہ کرنا سب سے واضح اور کم خطرے والا راستہ دکھائی دے سکتا ہے۔‘
تاہم انہوں نے مزید کہا: ’اشک آباد کے نقطہ نظر سے کسی ایک خریدار پر حد سے زیادہ انحصار ایک سنگین سٹریٹیجک خطرہ ہے۔ اس سے اس خریدار کو ملک کی معیشت پر غیر معمولی اثر و رسوخ حاصل ہو جاتا ہے۔‘
برآمدات کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے دیگر امکانات، جن میں بحیرہ کیسپین کے راستے یورپ تک گیس پہنچانا بھی شامل ہے، سیاسی اور تکنیکی چیلنجز کا شکار ہیں۔ ان میں بنیادی مسئلہ سمندر کی تہہ میں سرحدوں کی حد بندی سے متعلق ہے۔
2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان کے بیشتر علاقوں میں سکیورٹی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔ اگرچہ اشک آباد نے طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا، تاہم اس کے کابل کے ساتھ نسبتاً دوستانہ تعلقات ہیں۔
دوسری جانب سرحد پار انڈیا کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ کشیدگی اور افغانستان کی طالبان حکومت کے ساتھ موجودہ تنازع پورے منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹ ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں کئی دہائیوں سے جاری علیحدگی پسند شورش میں شدت بھی مشکلات پیدا کر رہی ہے، کیونکہ پائپ لائن کا مجوزہ راستہ پاکستان کے اسی صوبے سے گزرے گا۔
ترکمانستان میں پاکستان کی سفیر فریال لغاری نے روئٹرز کو بتایا کہ اسلام آباد تاپی پائپ لائن کے علاوہ ایک دوسرے منصوبے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ترکمان گیس پاکستان کی بندرگاہوں گوادر اور کراچی تک پہنچائی جائے گی، جہاں سے ایل این جی کی شکل میں سمندر کے راستے دیگر ممالک کو برآمد کیا جا سکے گا۔
انڈیا کی وزارت خارجہ نے تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
اشک آباد میں تعینات مغربی سفارت کار نے کہا کہ بین الاقوامی مالی معاونت حاصل کرنا انتہائی مشکل ہوگا، تاہم ترکمانستان اس کوشش سے دستبردار نہیں ہو رہا۔
سفارت کار نے کہا: ’وہ پائپ لائن کے بنیادی ڈھانچے کو افغان سرحد تک اور اس سے آگے بھی کچھ فاصلے تک تعمیر کرنے کے لیے اپنے وسائل مختص کرنے پر آمادہ ہے، اس امید کے ساتھ کہ منصوبہ زندہ رہے گا اور بالآخر شراکت داروں کو اپنی جانب متوجہ کر سکے گا۔‘
