2023 میں خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی نمیرہ سلیم نے چین کے تعاون سے پاکستانی خلائی مشن کا خیر مقدم کیا ہے، تاہم ان کا مؤقف ہے کہ وہ پاکستان کی پہلی خلا میں جانے والی شہری ہیں، نہ کہ محمد ذیشان علی۔
40 سالہ پاکستانی پائلٹ ذیشان علی بدھ کو زمین کے مدار کے گرد چکر لگانے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر سوار ہونے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بنے، جو کہ پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے (سپارکو) نے ذیشان علی کو ملک کا پہلا خلا باز قرار دیا ہے، تاہم اس سے قبل حکومت یہ ہی اعزاز نمیرہ سلیم کو دے چکی ہے۔
نومبر 2023 میں اس وقت کے نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جس میں نمیرہ سلیم بھی موجود تھیں انہیں ’پاکستان کی پہلی خلا باز‘ قرار دیا تھا۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے نمیرہ سلیم نے کہا: ’حقیقت یہ ہے کہ میں، نمیرہ سلیم، پاکستان کی پہلی خلا باز اور خلا میں سفر کرنے والی پہلی پاکستانی ہوں۔‘
انڈپینڈنٹ اردو نے نمیرہ سلیم کے بیان پر حکومتی مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا، تاہم حکومت کی جانب سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا، جبکہ سپارکو نے رابطہ کرنے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
نمیرہ سلیم نے چین کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے خلائی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سائنسی تحقیق کو فروغ ملے گا اور نوجوان نسل کو ترغیب ملے گی۔
انہوں نے کہا: ’یہ ایک مثبت پیش رفت ہے کہ پاکستان نے بالآخر چین کے تعاون سے اپنا انسانی خلائی پرواز کا پروگرام شروع کر دیا ہے۔ چین کے ساتھ ہمارے تعاون کے باعث یہ نسبتاً کم خرچ بھی ہوگا۔‘
ذیشان علی نے 25 نومبر کو چینی خلائی جہاز شینژو-24 کے ذریعے چینی خلا بازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ سفر کیا۔
انہوں نے اپریل میں چین میں خصوصی تربیت کا آغاز کیا تھا اور وہ خلائی سٹیشن پر پانچ سے 10 روز گزاریں گے، جہاں وہ پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے سائنسی تجربات کریں گے۔
ان کی تحقیق میں خلا میں سفر کے دوران کینوا کے بیجوں پر اثرات کا مطالعہ، خلائی جہازوں کی پائیداری بہتر بنانے کے لیے مواد کی جانچ اور مستقبل کے خلائی مشنز کے لیے مائیکرو ایلجی کی کاشت کے امکانات کا جائزہ شامل ہے۔
خلا کے دو مختلف سفر
نمیرہ سلیم نے 6 اکتوبر 2023 کو امریکہ کی ریاست نیو میکسیکو سے روانہ ہونے والے ورجن گیلیکٹک کے مشن گیلیکٹک 04 کے ذریعے خلا کا سفر کیا تھا۔
ان کا خلائی جہاز تقریباً 54 میل (87 کلومیٹر) کی بلندی تک پہنچا، جو امریکی حکام کی جانب سے خلائی سفر تسلیم کیے جانے کے لیے مقرر کردہ 50 میل کی حد سے زیادہ تھی، تاہم یہ خلا کی ایک اور معروف حد، 100 کلومیٹر کی کارمان لائن سے کم تھی۔
ذیشان علی کے زمین کے گرد مدار میں داخل ہونے والے مشن کے برعکس، نمیرہ سلیم کا سفر ذیلی مداری (Suborbital) تھا، یعنی ان کا خلائی جہاز خلا تک تو پہنچا، لیکن اس نے زمین کے گرد مکمل چکر نہیں لگایا۔
نمیرہ سلیم نے ایک کمرشل مسافر کی حیثیت سے سفر کیا اور پرواز سے قبل تربیت حاصل کی، جبکہ ذیشان علی نے خلائی سٹیشن پر سائنسی اور عملی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے کئی ماہ کی خصوصی تربیت حاصل کی۔
خلا باز کی کوئی متفقہ عالمی تعریف موجود نہیں۔ ورجن گیلیکٹک اپنے کمرشل خلائی مسافروں کو خلا باز قرار دیتا ہے، جبکہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کمرشل پروازوں میں عملے کا حصہ نہ ہونے والے مسافروں کے لیے ’سپیس فلائٹ پارٹیسپنٹ‘ یعنی خلائی پرواز میں شریک فرد کی اصطلاح استعمال کرتا ہے۔
پیشہ ور خلا باز بھی ذیلی مداری پروازیں کر سکتے ہیں، تاہم نمیرہ سلیم اور ذیشان علی کے سفر میں بنیادی فرق ان کی تربیت، مشن کے مقاصد اور خلائی جہاز پر ان کی ذمہ داریوں کا ہے۔
نمیرہ سلیم نے کہا کہ کمرشل خلائی پروازیں حکومتی سرپرستی میں ہونے والے پروگراموں سے آگے بڑھ کر عام لوگوں کے لیے بھی خلا کے سفر کو ممکن بنا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا: ’میں ایک نجی خلائی پرواز کے ذریعے خلا میں گئی تھی اور خلائی ٹیکنالوجی کا مستقبل اسی میں ہے۔ اس سے عام لوگوں کے لیے بھی خلا کی آخری سرحد تک رسائی ممکن ہوتی ہے۔‘
ان کا خیال ہے کہ مستقبل میں کمرشل خلائی پروازیں مزید سستی ہو جائیں گی، جس سے زیادہ لوگوں کو خلا میں سفر کرنے اور سائنسی تحقیق میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔
حکومتی سطح پر اعتراف
نمیرہ سلیم کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے انہیں سرکاری طور پر تسلیم کیے جانے کا عمل ان کے خلائی سفر سے کئی سال پہلے شروع ہو چکا تھا۔
انہوں نے کہا: ’2006 میں حکومت پاکستان نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ذریعے ملک بھر میں باضابطہ طور پر میرا تعارف پاکستان کی پہلی خلا باز کے طور پر کروایا تھا۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نمیرہ سلیم نے 2006 میں ورجن گیلیکٹک کا ٹکٹ خریدا تھا اور اپنے خلائی سفر کے لیے انہیں تقریباً دو دہائیاں انتظار کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2023 میں اس وقت کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے انہیں مبارک باد دی تھی، جبکہ اس وقت کے صدر عارف علوی نے انہیں ایوان صدر میں مدعو کیا تھا، جہاں انہوں نے انہیں پاکستان کا وہ پرچم پیش کیا جو وہ اپنے ساتھ خلا میں لے کر گئی تھیں۔
بیرون ملک مقیم نمیرہ سلیم نے کہا کہ ان کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے اور وہ کسی دوسرے ملک کا پاسپورٹ نہیں رکھتیں۔
صرف خلائی سفر تک محدود نہیں
دبئی میں مقیم نمیرہ سلیم کے مطابق خلائی صنعت میں ان کی خدمات صرف 2023 کے خلائی سفر تک محدود نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میری کامیابیاں صرف پاکستان کی پہلی خلا باز ہونے تک محدود نہیں ہیں۔ میں تقریباً 20 سے 25 سال سے خلائی صنعت کا حصہ ہوں اور اس شعبے میں اہم کردار ادا کر چکی ہوں۔ میں ایک غیر منافع بخش ادارہ بھی چلاتی ہوں، جس کے ذریعے امن اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز کو فروغ دیتی ہوں۔‘
وہ مستقبل میں مزید خلائی سفر کرنے کی خواہش مند ہیں، جن میں ایک نجی شہری کی حیثیت سے کسی خلائی سٹیشن کا دورہ بھی شامل ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی کامیابیاں بالخصوص پاکستانی نوجوان لڑکیوں کے لیے تحریک کا باعث بنیں۔
انہوں نے کہا: ’اگر میں پہلے ہی ایک مثال قائم کر چکی ہوں اور میرا مسلسل کام دوسروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے تو یہی میرے لیے سب سے بڑا انعام ہوگا۔‘
