یومِ آزادی پر قومی قیادت کا اتحاد، ترقی اور ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقعے پر اپنے الگ الگ پیغامات میں پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ جس بھی شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

پاکستانی عوام 14 اگست، 2026 کو اپنا 79 واں یوم آزادی منا رہے ہیں۔ اس موقعے پر ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات، آتش بازی اور عوامی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستان نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک سیاسی جدوجہد کے بعد 14 اگست، 1947 کو آزادی حاصل کی، جس کے نتیجے میں ایک خود مختار ریاست کا قیام عمل میں آیا۔

یومِ آزادی پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ ’14 اگست ان قربانیوں کو یاد رکھنے کا دن ہے جن سے پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔‘  

صدر نے مزید کہا کہ ’آزادی نہ صرف ایک تاریخی کامیابی ہے بلکہ یہ ایک ایسی ذمہ داری بھی ہے جسے ہر نسل کو آگے بڑھانا چاہیے۔‘ 

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’اللہ کے فضل سے راستے میں آنے والے چیلنجوں کے باوجود قومی ترقی اور خوشحالی کا سفر ایک روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا: ’گذشتہ ڈھائی سال میں حکومت پاکستان نے انتہائی مشکل حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے اور معاشی استحکام کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔‘  

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مظلوم فلسطینی عوام اور جموں و کشمیر کے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ان کے لیے اپنی مستقل اصولی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ 

وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشرے کے تمام طبقات اور خاص طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی کہ وہ قومی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے ہاتھ ملائیں اور تعمیری انداز میں مل کر کام کریں۔ 

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے یوم آزادی کے موقعے پر قوم کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔ 

اپنے پیغام میں عسکری قیادت نے کہا کہ ’پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے، مسلح افواج تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کا دفاع، آئین کی پاسداری اور پاکستانی عوام کی طرف سے سونپے گئے مقدس اعتماد پر پورا اترنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *