کینیڈا کے شہر سرے میں کامیڈین کپل شرما کے کیفے ’کپس کیفے‘ پر ایک ماہ کے دوران دوسری بار فائرنگ کے واقعے کے بعد گینگسٹر لارنس بشنوئی سے منسوب گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
واقعے کے چند گھنٹے بعد سامنے آنے والی ایک مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں لارنس بشنوئی گینگ کے رکن ہیری باکسر نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کپل شرما کو سلمان خان سے تعلق کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔
آڈیو پیغام میں ہیری باکسر نے سلمان خان کو گینگ کا سب سے ’بڑا دشمن‘ قرار دیتے ہوئے بولی وڈ کی ان شخصیات کو بھی دھمکی دی جو سلمان خان کے ساتھ کام کریں گی۔
باکسر نے دعویٰ کیا کہ کپل شرما کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ انہوں نے اپنے نیٹ فلکس شو کی افتتاحی تقریب میں سلمان خان کو مدعو کیا تھا۔
آڈیو میں انہیں کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ آئندہ ایسے واقعات میں مزید سنگین ہتھیار استعمال کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے سلمان خان کے ساتھ کام کیا تو وہ اپنی موت کا خود ذمہ دار ہو گا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کپس کیفے پر پہلا حملہ آٹھ جولائی کو ہوا تھا، جب مسلح افراد نے کیفے پر فائرنگ کی۔ تقریباً ایک ماہ بعد سات اگست کو کیفے کو دوبارہ فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
دونوں واقعات میں لارنس بشنوئی گینگ نے مبینہ طور پر ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کپل شرما نے اس کی کالز اور دھمکیوں کو نظر انداز کیا۔
حالیہ واقعے کی سکیورٹی فوٹیج میں ایک مسلح شخص کو کیفے کے باہر متعدد گولیاں چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کیفے کی کھڑکیوں پر کم از کم نصف درجن گولیوں کے نشانات پڑے، تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب کپل شرما نے اب تک مسلسل فائرنگ یا سامنے آنے والی دھمکیوں کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔
