ملتان: نوجوان کو ’کچلنے‘ والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا، سی سی ڈی کا دعویٰ

ملتان میں یتیم نوجوان کو ’گاڑی سے کچل کر قتل‘ کرنے والا ملزم منگل کو مبینہ طور پر فرار ہونے کے بعد بہاولپور میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈ) کے ساتھ ’مقابلے‘ میں مارا گیا ہے۔

ترجمان سی سی ڈی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ’ملزم توقیر نذیر گذشتہ رات سی سی ڈی ملتان کی حراست سے فرار ہوگیا تھا، جس کے بعد اس کی تلاش جاری تھی۔‘

بیان کے مطابق ’سی سی ڈی بہاولپور کی ٹیم نے دو موٹر سائیکل سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے رکنے کے بجائے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ شخص مارا گیا، جس کی شناخت توقیر نذیر کے نام سے ہوئی ہے۔‘

اس سے قبل 19 اکتوبر کو ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کام سے بھاگنے والے 15 سے 16 سالہ یتیم نوجوان وسیم عباس کو مبینہ طور پر گاڑی سے کچلنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نوجوان لڑکے کی موت ہو گئی تھی۔

بعد میں پولیس نے قتل کرنے کے الزام میں مرکزی ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کر لیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ گاڑی نے نوجوان کو دیوار کے قریب مبینہ طور پر ٹکر ماری، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام آئی جس میں نوجوان کو جان بچانے کے لیے بھاگتے اور ایک گاڑی کو اس کا تعاقب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد بڑی تعداد میں سوشل میڈیا صارفین، عام شہریوں اور وکلا کی جانب سے بھی غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔

تاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ اس واقعے کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔

ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ملزم کو حراست سے فرار کروانے کے واقعے کا مقدمہ بھی تھانہ سی سی ڈی ملتان میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *