’کوئی مجھے گالی نہیں دے گا:‘ امیتابھ بچن کی فلم کانٹے میں کام کرنے کی شرط

بولی وڈ ہدایت کار سنجے گپتا نے 2002 کی ایکشن تھرلر فلم ’کانٹے‘ کی تیاری سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ امیتابھ بچن نے فلم میں اپنے کردار کے لیے گالیوں کے استعمال سے صاف انکار کر دیا تھا۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق سنجے گپتا نے حسین زیدی سے گفتگو میں بتایا کہ فلم کے اصل سکرپٹ میں کئی گالیاں شامل تھیں، تاہم امیتابھ بچن نے واضح کر دیا تھا کہ ان کے کردار کو گالی نہیں دی جائے گی۔

ہدایت کار کے مطابق انہوں نے یہ شرط تسلیم کرلی، تاہم یہ واضح کیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ فلم کے دیگر کردار ایک دوسرے کو گالیاں نہیں دے سکتے۔

سنجے گپتا نے بتایا کہ سنسر کے مرحلے میں بھی بعض گالیوں پر مشتمل مکالموں میں تبدیلیاں کی گئیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

انہوں نے کہا ’سکرپٹ میں گالیاں لکھی گئی تھیں لیکن ہم نے انہیں استعمال نہیں کیا۔ امیت جی نے کہا تھا کہ کوئی انہیں گالی نہیں دے گا تو میں نے کہا، ٹھیک ہے سر، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ دوسرے کردار ایک دوسرے کو گالیاں نہیں دیں گے۔‘

سنجے گپتا اس سے قبل بھی بتا چکے ہیں کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ بچن نے انہیں الگ لے جا کر کہا تھا کہ وہ گالیوں کا استعمال نہیں کریں گے کیونکہ انہوں نے اپنے کیریئر میں کبھی ایسا نہیں کیا۔

ہدایت کار کے مطابق امیتابھ بچن نے کہا اگر کوئی دوسرا کردار گالی دے تو انہیں اعتراض نہیں لیکن وہ خود گالی نہیں دیں گے۔

انہوں نے امیتابھ کو ’کانٹے‘ کی کہانی سنانے کا تجربہ بھی یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ لیجنڈری اداکار کو فلم کی کہانی سناتے ہوئے انتہائی نروس تھے۔

ان کے مطابق سنجے دت نے ابتدا میں فلم پیش کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم کہانی سے متاثر ہو کر انہوں نے خود فلم میں اداکاری کا فیصلہ کیا اور امیتابھ بچن کو بھی ایک کردار کے لیے تجویز کیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سنجے گپتا کے مطابق جب وہ امیتابھ بچن کے گھر پہنچے تو وہاں اداکار کی بے شمار تصاویر موجود تھیں، جس سے ان کی گھبراہٹ مزید بڑھ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ کہانی سناتے وقت امیتابھ کے چہرے پر کوئی تاثر نہیں تھا، جس پر انہیں لگا کہ شاید ملاقات کامیاب نہیں ہوئی۔

سنجے نے بتایا کہ کہانی مکمل کرنے کے بعد بھی امیتابھ تقریباً 20 سیکنڈ تک خاموش رہے، جس کے بعد انہوں نے ہمت کر کے پوچھا کہ انہیں کہانی کیسی لگی۔ امیتابھ بچن نے جواب دیا کہ انہیں کہانی پسند آئی ہے، جس پر ہدایت کار نے سکھ کا سانس لیا۔

20 دسمبر، 2002 کو ریلیز ہونے والی ’کانٹے‘ میں امیتابھ بچن، سنجے دت، سنیل شیٹھی، لکی علی، مہیش منجریکر اور کمار گورو نے اداکاری کی تھی۔

فلم کی کہانی چھ ایسے افراد کے گرد گھومتی ہے جو لاس اینجلس میں بینک ڈکیتی کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ ’کانٹے‘ اپنے منفرد انداز، ایکشن، مکالموں اور موسیقی کے باعث بعد میں ایک کلٹ فلم کے طور پر مقبول ہوئی۔

فلم کو عموماً کوئنٹن ٹیرنٹینو کی معروف فلم ’ریزروائر ڈاگز‘ سے بہت زیادہ متاثر قرار دیا جاتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *