آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے دنیا بھر میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں یکم نومبر 2026 تک ٹکٹوں کے لیے 12 کروڑ آٹھ لاکھ نو ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پیر کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 193 ممالک سے تعلق رکھنے والے 28 لاکھ منفرد شائقین نے ٹکٹوں کے حصول کے لیے جاری بیلٹ میں رجسٹریشن کرائی ہے، جبکہ مختلف میچز کے لیے تین کروڑ 25 لاکھ سے زائد رجسٹریشنز مکمل ہو چکی ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق جنوبی افریقہ، برطانیہ، انڈیا، امریکہ اور آسٹریلیا کے شائقین کی جانب سے سب سے زیادہ درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔ افریقی براعظم سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 49 لاکھ 36 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں میزبان ممالک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کے شائقین بھی شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کے آٹھ مقامات پر شیڈول 41 میچز کے لیے 10 کروڑ پانچ لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے 11 میچز، جن میں پہلے سے مختص سپر سیون مقابلے بھی شامل ہیں، کے لیے تقریباً دو کروڑ 60 لاکھ درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔
زمبابوے میں ہونے والے میچز کے لیے ٹکٹوں کی درخواستوں کی تعداد ایک کروڑ 33 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ درخواستیں زمبابوے اور انڈیا کے درمیان 24 اکتوبر کو وکٹوریہ فالز کے قریب نئے موسی او تونیا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول میچ کے لیے موصول ہوئی ہیں، جن کی تعداد 33 لاکھ سے زائد ہے۔
نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک میں واقع نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے چھ میچز کے لیے 20 لاکھ سے زائد درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔ ان میں تقریباً نو لاکھ درخواستیں آٹھ اکتوبر کو انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان شیڈول مقابلے کے لیے موصول ہوئی ہیں۔
ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ متوقع مقابلوں میں 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان شیڈول میچ بھی شامل ہے، جس کے لیے 83 لاکھ 97 ہزار 294 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ اسی شہر میں 21 نومبر کو ہونے والے فائنل کے لیے بھی 79 لاکھ نو سو 44 درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آئی سی سی کے جنرل منیجر ایونٹس اینڈ کرکٹ آپریشنز گورو سکسینا نے ٹکٹوں کی غیر معمولی طلب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعداد و شمار ٹورنامنٹ کی عالمی مقبولیت اور 24 سال بعد مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی افریقہ واپسی کے حوالے سے شائقین کے جوش و خروش کا ثبوت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں شائقین کی بھرپور دلچسپی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ تینوں ممالک مل کر ایک عالمی معیار کا ایونٹ منعقد کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو افریقہ اور دنیا بھر کے شائقین کو ایک دوسرے سے جوڑے گا۔
ورلڈ کپ کی لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو قونڈسا نگوینیا نے کہا کہ افریقی ممالک سے تقریباً ڈیڑھ کروڑ ٹکٹ درخواستیں موصول ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ شائقین میں اس ایونٹ کے حوالے سے غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ تینوں میزبان ممالک کے عوام، ثقافت اور مہمان نوازی کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور شائقین، مقامی آبادیوں اور سیاحوں کے لیے یادگار تجربات پیدا کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 اکتوبر اور نومبر میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی اور مجموعی طور پر 57 میچز تینوں ممالک کے 12 مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔
یہ 2003 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ مینز کرکٹ ورلڈ کپ افریقی سرزمین پر کھیلا جائے گا، جبکہ نمیبیا پہلی مرتبہ سینئر سطح کے اس عالمی ایونٹ کے میچز کی میزبانی کرے گا۔ زمبابوے میں وکٹوریہ فالز کے قریب نیا موسی او تونیا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم بھی اس ٹورنامنٹ کے دوران عالمی توجہ کا مرکز ہوگا۔
ٹکٹوں کے لیے بیلٹ میں رجسٹریشن 21 نومبر 2026 کو رات 11 بج کر 59 منٹ (وسطی افریقی وقت) تک جاری رہے گی۔ شائقین کو درخواست جمع کرانے کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی اور یہ عمل پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں ہوگا۔
ہر شائق ایک میچ کے لیے ایک درخواست جمع کرا سکتا ہے، تاہم وہ ٹورنامنٹ کے مختلف میچز کے لیے الگ الگ درخواستیں بھی دے سکتا ہے۔ جن میچز کے لیے درخواستوں کی تعداد دستیاب ٹکٹوں سے زیادہ ہوگی، ان کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹ خریدنے کے اہل درخواست دہندگان کا انتخاب کیا جائے گا۔
کامیاب درخواست دہندگان کو ای میل کے ذریعے ٹکٹ خریدنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ کامیاب اور ناکام دونوں طرح کے امیدواروں کو نتائج سے مطلع کیا جائے گا۔ شائقین ٹکٹوں کے لیے آئی سی سی کی آفیشل ویب سائٹ tickets.cricketworldcup.com پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
