پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے سنسنی خیز مقابلے میں اتوار کو معاذ صداقت، حسن نواز اور فرحان یوسف کی نصف سنچریوں کی بدولت 313 رنز بنانے کے بعد شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈیا اے کو 48 رنز سے شکست دے دی۔
قطر کے ویسٹ اینڈ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ میں انڈیا کے کپتان تلک ورما کی 100 رنز کی مزاحمتی اننگز کے باوجود انڈین ٹیم 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 265 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
متنازع ٹاس
میچ کا ٹاس ایک غیر معمولی صورت حال سے دوچار ہوا جب انڈیا اے کے کپتان تلک ورما کے سکہ اچھالنے اور پاکستانی کپتان عبدالصمد کی جانب سے ’ہیڈز‘ کی کال پر میچ ریفری نے ابتدائی طور پر ’ٹیلز‘ کا اعلان کر دیا۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
تاہم دونوں کپتانوں کے سکے کا معائنہ کرنے اور عبدالصمد کی نشاندہی پر آفیشلز نے فیصلہ درست کرتے ہوئے ٹاس پاکستان کے حق میں قرار دیا۔ عبدالصمد نے قدرے خشک پچ پر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان شاہینز کی اننگز: جارحانہ آغاز اور تین نصف سنچریاں
پاکستان شاہینز نے تیز آغاز کیا اور اوپنرز شامل حسین اور معاذ صداقت نے محض سات اوورز میں 65 رنز جوڑ دیے۔
شامل حسین نے 23 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنا کر انڈین پیس اٹیک کو دباؤ میں رکھا۔
انڈین بولر ہرشیت رانا نے دونوں اوپنرز کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ کیا، اور پاور پلے کے بعد آٹھویں اوور میں آیوش بدونی کی گیند پر شامل حسین کے آؤٹ ہونے پر رانا نے انہیں جارحانہ انداز میں رخصت کیا۔ پانچ گیندوں بعد رانا نے روحیل نذیر کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کر کے پاکستان کا سکور 67 رنز پر دو وکٹیں کر دیا۔
اس کے بعد معاذ صداقت اور حسن نواز نے تیسری وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت بنائی۔
مسلسل دوسری ففٹی سکور کرنے والے معاذ نے 63 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 59 رنز بنائے اور 20ویں اوور میں سوریانش شیڈگے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
حسن نواز نے 43 گیندوں پر وپراج نگم کو چھکا لگا کر نصف سنچری مکمل کی اور کپتان عبدالصمد (28 رنز، 35 گیندیں) کے ساتھ 65 رنز جوڑے، تاہم عبدالصمد 31ویں اوور میں رنکو سنگھ اور کمار کشاگرا کی عمدہ فیلڈنگ پر رن آؤٹ ہو گئے۔
حسن نواز 39ویں اوور میں 82 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں سمیت 79 رنز بنا کر شیڈگے کی گیند پر بدونی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جب سکور 230 پر پانچ وکٹیں تھا۔
اختتامی اوورز میں فرحان یوسف نے 48 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 56 رنز جبکہ محمد عمران نے 14 گیندوں پر دو چھکوں سمیت 23 رنز بنائے۔
فرحان 47ویں اوور میں ٹیم کو 300 کے پار لے جانے کے بعد پرنس یادو کی گیند پر ریمپ شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ٹیل اینڈرز زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور علی رضا (2 رنز) کے پرنس یادو کے ہاتھوں آؤٹ ہونے پر پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈیا کی جانب سے ہرشیت رانا، پرنس یادو، سوریانش شیڈگے اور وپراج نگم نے دو، دو جبکہ بدونی نے ایک وکٹ لی، تاہم رانا 10 اوورز میں 77 رنز دے کر مہنگے ثابت ہوئے۔
تلک ورما اور ابھیشیک کی کوششیں ناکام
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈیا اے کا آغاز تیز مگر مشکل رہا۔ ویبھو سوریاونشی 13 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنا کر محمد عمران رندھاوا کی گیند پر عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ابھیشیک شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض 42 گیندوں پر چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی بدولت 70 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، مگر حسن نواز کی گیند پر عبدالصمد کو کیچ دے بیٹھے۔
آیوش بدونی (0) علی رضا کی گیند پر بولڈ ہوئے اور کمار کشاگرا (2) سفیان مقیم کا شکار بنے، جبکہ رنکو سنگھ (6) اور سوریانش شیڈگے (3) بھی سست روی اور جلد وکٹیں گنوانے کے باعث دباؤ نہ ٹال سکے۔
مڈل آرڈر میں شہباز احمد نے 49 گیندوں پر ایک چوکے اور چار چھکوں کے ساتھ 56 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، تاہم وہ علی رضا کی گیند پر حسن نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسرے سرے پر کپتان تلک ورما نے 149 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 100 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹوں کا سلسلہ جاری رہا۔
وپراج نگم (0) اور ہرشیت رانا (0) جلد آؤٹ ہوئے جبکہ پرنس یادو ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے اور انڈیا اے کی اننگز 265 رنز پر تمام ہو گئی۔
