انڈیا کی سپریم کورٹ نے ارب پتی کاروباری شخصیت سنجے کپور کے اثاثوں پر جاری تلخ خاندانی تنازع میں مصالحتی عمل ختم کر دیا ہے۔
سنجے کپور گذشتہ سال برطانیہ میں پولو کھیلتے ہوئے مبینہ طور پر شہد کی مکھی نگلنے کے بعد جان سے گئے تھے۔
عدالت نے جمعرات کو مصالحت اس وقت ختم کی جب انڈیا کے سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں ہونے والی 15 نشستوں میں کوئی سمجھوتہ نہ ہو سکا۔
عدالت نے کہا کہ فریقین کو سمجھوتے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا اور اب قانونی جنگ آگے بڑھے گی۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
برطانوی نژاد انڈین کاروباری شخصیت، پولو کھلاڑی اور شہزادہ ولیم کے دیرینہ دوست سنجے کپور 2025 میں 53 سال کی عمر میں برطانیہ کے علاقے ونڈسر میں پولو میچ کے دوران گرنے کے بعد جان سے چلے گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے شہد کی مکھی نگل لی تھی یا مکھی نے انہیں ڈنک مارا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ یہ تنازع سنجے کپور کی والدہ رانی کپور اور ان کی بیوہ پریا سچ دیو کپور کے درمیان ’آر کے فیملی ٹرسٹ‘ پر ہے، جس کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے، یعنی لگ بھگ ڈھائی ارب پاؤنڈ بتائی گئی ہے۔
جمعرات کی سماعت میں رانی کپور کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ ٹرسٹ سے چھ ہزار کروڑ روپے یعنی تقریباً 49 کروڑ پاؤنڈ اور دیگر اثاثے حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
رانی کپور کا الزام ہے کہ ان کی ملکیت کے اثاثے انہیں پوری طرح آگاہ کیے بغیر اور ان کی رضامندی کے بغیر ٹرسٹ میں منتقل کر دیے گئے۔ انہوں نے ٹرسٹ کے فنڈز اور اثاثوں کے انتظام پر بھی خدشات ظاہر کیے جب کہ پریا سچ دیو کپور اور ان کے فریق نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ رانی کپور ٹرسٹ سے رقم اور اثاثے حاصل کرنا چاہتی ہیں، جب کہ مخالف فریق اپنے اثاثوں کا کوئی بھی حصہ چھوڑنے پر تیار نہیں۔
ججوں نے سوال کیا تھا کہ یہ تنازع طے کیوں نہیں ہو سکتا اور دونوں فریقوں پر زور دیا تھا کہ وہ کوئی عملی راستہ اختیار کرنے پر غور کریں۔
ایک الگ مقدمہ دہلی ہائی کورٹ میں سمیرا اور کیان کپور نے دائر کر رکھا ہے۔ وہ سنجے کپور اور اداکارہ کرشمہ کپور کے بچے ہیں۔ سنجے کپور نے 2003 میں کرشمہ کپور سے شادی کی تھی اور 2016 میں دونوں کی طلاق ہو گئی تھی۔
بچے والد کی ذاتی جائیداد میں حصہ مانگ رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ 21 مارچ 2025 کی تاریخ والی وصیت، جو ان کی موت کے بعد ان کی بیوہ نے پیش کی، جعلی اور من گھڑت ہے۔
بچوں کا کہنا ہے کہ یہ دستاویز اس مقصد سے تیار کی گئی کہ ان کی سوتیلی والدہ کو ان کے والد کی ذاتی جائیداد پر اختیار مل جائے اور خود انہیں وراثت میں محدود حصہ ملے۔ ان کے وکیل نے ناموں کے املا میں فرق، غلط پتوں، اثاثوں کی مناسب فہرست نہ ہونے اور دستاویز کو ڈیجیٹل طور پر تیار کرنے اور اس میں تبدیلیوں کے مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ بچوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ وصیت ان کے والد کی موت کے بعد ہی کیوں سامنے لائی گئی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سنجے کپور کی بیوہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ بظاہر وصیت قانونی طور پر درست ہے اور اسے چیلنج کرنے کی بنیاد محض قیاس آرائی ہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ ان الزامات کا فیصلہ باقاعدہ مقدمے کی سماعت کے ذریعے کیا جائے گا۔
اپریل 2026 میں عدالت نے حکم دیا تھا کہ وصیت کا تنازع حل ہونے تک سنجے کپور کے اثاثے محفوظ رکھے جائیں۔ عدالت نے ان کی بیوہ کو اثاثے فروخت یا منتقل کرنے سے روک دیا تھا اور بعض بینک اکاؤنٹس اور دیگر اثاثوں پر بھی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ عدالت نے کہا تھا کہ وصیت کو سنجے کپور کی آخری وصیت اسی وقت تسلیم کیا جا سکتا ہے جب اسے چیلنج کرنے والوں کی جانب سے اٹھائے گئے مشکوک حالات سے متعلق سوالات کا جواب مل جائے۔
سنجے کپور گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کی کمپنی سونا کامسٹار کے چیئرمین تھے۔ انہوں نے 2015 میں اپنے والد سریندر کپور کی موت کے بعد سونا گروپ کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ وہ 12 جون 2025 کو پولو کھیلتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے جان سے چلے گئے تھے۔ کاروباری مشیر سہیل سیٹھ نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا تھا کہ بظاہر انہوں نے شہد کی مکھی نگل لی تھی۔
فوربز کے اندازے کے مطابق موت کے وقت ان کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباً 84 کروڑ پاؤنڈ تھی۔
توقع ہے کہ سپریم کورٹ فیملی ٹرسٹ اور رانی کپور کے دعوؤں سے متعلق تنازع کی سماعت آگے بڑھائے گی، جب کہ دہلی ہائی کورٹ وصیت کی قانونی حیثیت اور بچوں کے وراثتی دعوؤں کا جائزہ لے گی۔
