این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے ایک خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، جن کے بارے میں امریکی انٹیلی جنس کو شبہ ہے کہ وہ چینی جاسوس ہیں۔
ہوانگ دنیا کی معروف اے آئی چپ ساز کمپنی این ویڈیا کے سربراہ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی ہیں۔ انہوں نے کمپنی کو بھیجے گئے ایک پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کرنے پر معذرت کی اور اپنے عمل کی ’مکمل ذمہ داری‘ قبول کی۔
انہوں نے کہا ’میں نے اپنی بیوی سے بے وفائی کی۔ میرے اس عمل سے انہیں اور ہمارے بچوں کو تکلیف پہنچی۔ میرے اس عمل کا کوئی جواز نہیں۔ مجھے اس پر دلی افسوس ہے۔‘
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
این ویڈیا نے اتوار کو ایک پریس ریلیز میں اعلان کیا کہ کمپنی کا بورڈ آف ڈائریکٹرز ’حالیہ میڈیا رپورٹس کی روشنی میں ایک آزادانہ تحقیقات شروع کر رہا ہے، جن میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کے بانی اور سی ای او جینسن ہوانگ ایک غیر ملکی انٹیلی جنس کی کارروائی کا ہدف بنے ہیں۔‘
کمپنی نے کہا اگرچہ بورڈ کے پاس یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ امریکی قومی سلامتی یا این ویڈیا کے خفیہ رازوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم تحقیقات میں تمام دستیاب معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق بورڈ کو ہوانگ اور ان کی قیادت کی ٹیم پر اعتماد ہے۔ سی ای او نے بھی تحقیقات کی مکمل حمایت کی اور اس میں تعاون کرنے کا عہد کیا۔
گذشتہ ماہ کے اواخر میں نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ ہوانگ کے ایلس ہوانگ نامی خاتون کے ساتھ قریبی تعلقات قائم ہو گئے تھے۔ ہوانگ کو ہوانگ لے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور وہ سنگاپور میں قائم ایک ڈیٹا سینٹر میں چینی ایگزیکٹیو ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام ایلس ہوانگ کو چین کی جاسوس سمجھتے ہیں، جو بیجنگ کو معلومات فراہم کرتی ہیں۔ نیویارک ٹائمز نے یہ معلومات ایلس ہوانگ کی نگرانی سے آگاہ ذرائع اور دیگر حکام و صنعتی ماہرین کے حوالے سے دی تھیں۔
ایلس ہوانگ پر چین کے لیے جاسوسی کے شبہے سے متعلق سوال پر واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کے ترجمان لیو چانگ نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ امریکہ ایشیائی ملک کے خلاف ’بے بنیاد الزامات اور بہتان تراشی کی مہم‘ چلا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اتوار کو کہا کہ انہوں نے ان الزامات کے بارے میں جینسن ہوانگ سے بات نہیں کی، تاہم انہیں ایک اچھا انسان قرار دیا۔
ٹرمپ نے مزید کہا ’مجھے امید ہے سب کچھ ٹھیک ہوگا۔ انہوں نے غیر معمولی کام کیا ہے۔‘
جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں انٹیلی جنس بریفنگ کے دوران اس معاملے سے آگاہ کیے جانے کے بعد کارروائی کرنی چاہیے تھی تو انہوں نے کہا ’نہیں، مجھے ایسا نہیں لگتا۔ میرے خیال میں وہ ایک باعزت شخص ہیں۔
’میرا خیال ہے ان کے پاس اس کی کوئی وضاحت ہوگی۔ آپ کو ان کا مؤقف سننا چاہیے۔‘
این ویڈیا اس وقت سٹاک مارکیٹ کی مقبول ترین کمپنیوں میں سے ایک ہے، جس کی بنیادی وجہ اس کی چپس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے۔
گذشتہ ماہ کے اوائل میں کمپنی کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 4.5 کھرب ڈالر تھی اور اس کے حصص کی قیمت تقریباً 240 ڈالر فی شیئر تک پہنچ گئی تھی۔
تاہم اس تحقیقات نے این ویڈیا پر دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے، ایسے وقت میں جب سرمایہ کار پہلے ہی مصنوعی ذہانت کی تیزی سے پھیلتی ہوئی مارکیٹ کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال کے باعث سرمایہ کاری سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔
پیر کو مارکیٹ کے اوقات کے بعد ہونے والی ٹریڈنگ میں این ویڈیا کے حصص کی قیمت گر گئی۔
اس تنازعے کے اثرات جنوبی کوریا تک بھی پہنچے، جہاں جینسن ہوانگ کی بیٹی اور این ویڈیا کی ایگزیکٹیو میڈیسن ہوانگ نے سیئول کے طے شدہ دورے کو منسوخ کر دیا۔
انہیں اس ہفتے شروع ہونے والی این ویڈیا کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔
تاہم جنوبی کوریا کو توقع ہے کہ جینسن ہوانگ کے گرد تنازعے کے باوجود این ویڈیا کے گرافکس پروسیسنگ یونٹس (جی پی یوز) کی طے شدہ ترسیل متاثر نہیں ہوگی۔
سائنس اور آئی سی ٹی کے نائب وزیر ریو جے میونگ نے پارلیمانی بجٹ کمیٹی کو بتایا کہ 2025 کے ضمنی بجٹ کے تحت خریدے گئے 10 ہزار جی پی یوز پہلے ہی پہنچ چکے ہیں اور استعمال میں ہیں۔
این ویڈیا کے ترجمان جان ریزو نے اتوار کو نیویارک ٹائمز کو بتایا ’آج کی خبریں این ویڈیا کی پیش رفت کو سست نہیں کریں گی۔ جینسن این ویڈیا کے سی ای او کی حیثیت سے بلا تعطل قیادت جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘
دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہوں کی طرح ہوانگ نے بھی ٹرمپ کے قریب ہونے کی کوشش کی ہے، جو مصنوعی ذہانت کے فروغ کی حمایت کر رہے ہیں۔
این ویڈیا کے سربراہ اور ان کی اہلیہ لوری ہوانگ نے ستمبر میں وائٹ ہاؤس میں چینی صدر شی جن پنگ کے اعزاز میں دیے گئے سرکاری عشائیے میں شرکت کی تھی۔
ان کی شرکت غیر معمولی نہیں تھی کیونکہ اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین اور میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ بھی اس تقریب میں شریک تھے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے یہ بتانے سے انکار کیا کہ حالیہ میڈیا رپورٹس کے بعد ہوانگ کو امریکی انٹیلی جنس بریفنگز سے الگ رکھا گیا ہے یا نہیں۔
فرانس روانگی سے قبل اتوار کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’معاملے کی نوعیت کے پیش نظر میں اس پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔‘
ٹرمپ مصنوعی ذہانت کے بڑے حامی ہیں۔ وہ اس ٹیکنالوجی کو ’سپر انٹیلی جنس‘ (ایس آئی) کا نام دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس شعبے پر عائد ضوابط میں نرمی کے خواہاں ہیں۔
اگرچہ ہوانگ صدر ٹرمپ کے اتحادی ہیں لیکن امریکہ کے ایک حریف ملک اور مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں اس کے سب سے بڑے حریف سے ممکنہ طور پر قومی سلامتی کو لاحق خطرے کو نظر انداز کرنا مشکل ہوگا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صدر ٹرمپ نے ستمبر میں مصنوعی ذہانت سے انسانوں کو لاحق ممکنہ وجودی خطرات کے حوالے سے خدشات کے دوران کہا تھا ’ہم اے آئی میں چین سے آگے ہیں۔ ہم دنیا کا سب سے ترقی یافتہ ملک ہیں۔
’اور سچ کہوں تو میں اسے اسی طرح برقرار رکھنا چاہتا ہوں کیونکہ جو بھی اے آئی کی دوڑ جیتے گا، وہی جیتے گا۔‘
ارب پتی سرمایہ کار بل ایکمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ این ویڈیا کے سی ای او ’غیر معمولی انسان‘ ہیں، تاہم اگر ’یہ واقعی محض ایک ناجائز تعلق سے بڑھ کر کچھ ہے تو یقیناً یہ ایک حقیقی مسئلہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’مجھے امید ہے معاملہ صرف ناجائز تعلقات تک محدود ہے، نہ کہ ہماری قومی سلامتی کے لیے کوئی خطرہ۔‘
ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے سیکوئیا کے پارٹنر شان میگوائر کی ایک پوسٹ پر ’میں متفق ہوں‘ کا تبصرہ کیا۔
پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ہوانگ نے ’انتہائی احمقانہ کام کیا‘ جو ’امریکہ کے لیے نقصان دہ‘ تھا، تاہم ’امریکہ کی اے آئی میں قیادت کے لیے جینسن ہوانگ کا کوئی متبادل نہیں۔‘
دی انڈیپنڈنٹ نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے امریکی محکمہ خارجہ اور وائٹ ہاؤس سے رابطہ کیا ہے۔
