پاکستان: کیا جمہوری دور حکومت میں کبھی ریفرنڈم ہوا؟

پاکستان کی سیاسی تاریخ میں قیام پاکستان کے بعد اب تک جتنے بھی ریفرنڈم کرائے گئے، وہ ہمیشہ فوجی حکمرانوں کے ادوار میں منعقد ہوئے اور ان کے نتائج بھی اکثر ریفرنڈم کرانے والوں کے حق میں آئے۔

 تاہم اب ایک جمہوری حکومت کے دور میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کی بحث ایک بار پھر سیاسی منظرنامے پر سرگرم ہو گئی ہے، جس سے یہ سوال جنم لے رہا ہے کہ آیا عوامی رائے شماری کا یہ طریقہ کار نئے صوبوں کی تشکیل کی راہ ہموار کر سکے گا یا نہیں۔

آئینی طور پر پاکستان میں پارلیمانی جمہوری نظام نافذ ہے، جس کے تحت ہر پانچ سال بعد عام انتخابات کے ذریعے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان منتخب ہوتے ہیں اور پھر وہ وزیراعظم، صدرِ مملکت، وزرائے اعلیٰ اور سینیٹرز کا انتخاب کرتے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

ماضی میں متعدد بار فوجی سربراہان نے جمہوری حکومتیں ختم کر کے اقتدار سنبھالا اور خود کو عوامی حکمران تسلیم کرانے کے لیے ریفرنڈم کا سہارا لیا۔

اس بار جمہوری سیٹ اپ کے ہوتے ہوئے ریفرنڈم کے انعقاد اور اس کے طریقہ کار پر بحث جاری ہے، جبکہ حکومتی اور اپوزیشن اتحاد کی بعض جماعتیں اس کی حمایت اور بعض کھل کر مخالفت کر رہی ہیں۔

ریفرنڈم پر سیاسی حمایت اور مخالفت

حکومتی صفوں میں بعض رہنما نئے صوبوں کے معاملے پر عوامی رائے لینے کے حق میں نظر آتے ہیں۔

وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے رواں ہفتے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم ضرور ہوگا اور عوامی رائے لینا غیر آئینی یا غیر جمہوری عمل نہیں ہے۔

ان کے مطابق اس معاملے پر قومی اتفاقِ رائے ضروری ہے، تاہم کسی ایک جماعت کی مخالفت عوامی رائے لینے کے عمل کو روک نہیں سکتی، اور مسلم لیگ (ن) اس حوالے سے پیپلز پارٹی کو بھی قائل کرنے کی کوشش کرے گی۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی ریفرنڈم کو عوامی رائے جاننے کا آئینی و قانونی ذریعہ قرار دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں ہوں تو انہیں بنایا جانا چاہیے اور اگر حق میں نہ ہوں تو تجویز پر عمل نہ ہو، کیونکہ عوام کو اپنی رائے دینے کا موقع ملنا چاہیے۔

اس سے قبل 12 نومبر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام اگر نئے صوبے نہیں چاہتے تو نہیں بننے چاہییں اور اگر چاہتے ہیں تو بننے چاہییں۔

انہوں نے اسے جاری سیاسی تنازع کا حل قرار دیا۔ وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھی ایک میڈیا بیان میں کہا کہ نئے صوبے سیاسی یا لسانی بنیادوں کے بجائے انتظامی ضروریات کے تحت بننے چاہییں۔

پاکستان میں 12 صوبے بنانے کی گنجائش موجود ہے اور صوبوں کو کسی کی ذاتی جاگیر نہیں سمجھنا چاہیے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے ریفرنڈم اور سندھ کی ممکنہ تقسیم کی شدید مخالفت کی ہے۔

17 نومبر کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ریفرنڈم ہمیشہ غیر جمہوری مقاصد کے لیے کرائے گئے، جمہوری مقاصد کے لیے نہیں۔

ان کے بقول نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں طریقہ کار موجود ہے، اس لیے ریفرنڈم کی تجویز غیر آئینی راستہ اختیار کرنے کے مترادف ہے اور پیپلز پارٹی کسی بھی غیر آئینی اقدام کی مخالفت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اصل معاملہ ریفرنڈم نہیں بلکہ اس کے پیچھے نیت ہے، اور اگر سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر خون ہوگا۔

تاہم پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے 20 نومبر کو اسمبلی میں خطاب کے دوران نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوامی رائے جاننے کی غرض سے ریفرنڈم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق ہونا چاہیے اور اس کے لیے آئینی و قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) بھی اس تجویز کے خلاف ہے۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’ریفرنڈم جمہوری حکومت میں ناقابلِ قبول ہے، یہ ہمیشہ فوجی حکمرانوں نے کرائے جن کے نتائج سے خرابیاں پیدا ہوئیں۔

’جب اسمبلیاں ہیں تو کسی بھی معاملے پر وہاں قراردادوں کے ذریعے معاملات حل کیے جا سکتے ہیں۔ اس لیے ہم ریفرنڈم کو غیر ضروری اور موجودہ حالات میں کسی طور درست نہیں سمجھتے۔‘

کیا ریفرنڈم سے نئے صوبوں کا معاملہ حل ہوگا؟

سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں ریفرنڈم کا طریقہ ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں نے اپنایا، کیونکہ اس کی جمہوری حکومتوں میں کبھی گنجائش نہیں نکالی گئی۔

پہلے ایوب خان نے 1960 میں ریفرنڈم کرایا، نتائج 96 فیصد حاصل کیے، پھر ضیا الحق نے 1984 میں کرایا، 98 فیصد حمایت ملنے کے نتائج کا اعلان ہوا، تیسری بار فوجی حکمران پرویز مشرف نے ہی 2002 میں کرایا اور 97 فیصد حمایت ملنے کا نتیجہ بتایا گیا۔‘

مجیب الرحمان شامی کے مطابق، ’قیام پاکستان کے بعد یہ تین ریفرنڈم ہوئے اور تینوں فوجی حکمرانوں نے کرائے، لیکن آج تک ان ریفرنڈمز کی کوئی اہمیت یا حیثیت تسلیم نہیں کی گئی۔

’کسی جمہوری حکومت نے پاکستان میں ریفرنڈم کا راستہ نہیں اپنایا کیونکہ آئینی طور پر پارلیمان اور اسمبلیاں ہی بااختیار ہوتی ہیں اور تمام مسائل وہیں حل ہو سکتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ پہلا جمہوری دورِ حکومت ہوگا جس میں ریفرنڈم کرانے کی بات کی جا رہی ہے، حالانکہ نئے صوبوں کا معاملہ بھی اسمبلیوں کے بغیر حل نہیں ہو سکتا۔

’عوامی رائے جو بھی آئے، اس کو کس طرح تسلیم کرایا جائے گا؟ کیونکہ ریفرنڈم میں تو صرف یہی پوچھا جا سکتا ہے کہ صوبے بننے چاہییں یا نہیں؛ یہ تو تفصیل نہیں بتائی جا سکتی کہ کس طرح اور کتنے بننے چاہییں اور کن علاقوں پر مشتمل بنیں؟

’ریفرنڈم کا انعقاد بھی اتنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ بلاول اور مولانا فضل الرحمان تو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ یہ طریقہ کار ناقابلِ قبول ہے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور تجزیہ کار حسن عسکری نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’ریفرنڈم کی تیاری اس بار بھی وہی کر رہے ہیں جنہوں نے پہلے اپنی مرضی کے نتائج لینے کے لیے تین بار کرائے ہیں۔

’یہ حیران کن بات ہے کہ عوام سے ہی ووٹ لے کر قائم ہونے والی حکومت آئینی طریقہ کار کے مطابق صوبوں کے قیام کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہے۔

یہ صرف وقت گزارنے کے لیے بیانات دیے جا رہے ہیں۔ اگر نئے یونٹس قائم کرنے کی نیت ہو تو سب جماعتیں مل کر اسمبلیوں کے ذریعے قانونی طور پر جامع حکمتِ عملی اور اتفاقِ رائے سے یہ کام باآسانی کر سکتی ہیں۔‘

بقول مجیب الرحمان شامی، ’ریفرنڈم کرا بھی لیا جائے تو نئے صوبوں کے لیے قراردادیں تو اسمبلیوں سے ہی پاس کرانا ہوں گی اور اس کے لیے دو تہائی اکثریت چاہیے جو حامی جماعتوں کے پاس نہیں ہے۔

’ اس کے لیے سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا اور مشترکہ لائحہ عمل بنا کر ہی عمل درآمد ہو سکے گا۔ سب سے اہم یہ ہے کہ نئے صوبوں جیسے پیچیدہ معاملات میں پڑنے کے بجائے مؤثر اور بااختیار مقامی حکومتوں کا قیام یقینی بنایا جائے، اس طرح نئے یونٹس سے بہتر انتظامی امور چلائے جا سکیں گے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *