پاکستان اور چین کی افواج علاقائی امن کے عزم میں متحد: فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتے کو کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) علاقائی امن اور مشترکہ تزویراتی مفادات کے تحفظ کے عزم میں متحد ہیں۔

ان کے یہ ریمارکس پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقعے پر جاری کیے۔

اس مناسبت سے راول پنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستان اور چین کی فوجی و سول قیادت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور پی ایل اے کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دونوں ممالک مختلف فوجی شعبوں میں باقاعدگی سے تعاون کرتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقعے پر کہا ’پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں، جن کا رشتہ باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور علاقائی امن کے لیے مشترکہ عزم پر قائم ہے۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق عاصم منیر نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پیپلز لبریشن آرمی کی ’قابل قدر‘ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا پاکستان اور چین کے درمیان دوستی منفرد، آزمودہ اور پائیدار ہے، جو بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر پاکستانی فوجی سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی نمایاں خدمات کو سراہا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *