سعودی عرب اور پاکستان نے ہفتے کو امریکہ اور ایران پر زور دیا کہ وہ حالیہ جھڑپوں کے بعد امن مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کریں۔
یہ مطالبہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کی گئی۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے ’خطے میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں تازہ ترین علاقائی صورتحال‘ پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے ثالثی کی کوششوں کی حمایت، امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی، کشیدگی میں کمی اور خطے و دنیا میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے جامع اور پُرامن حل تلاش کرنے کی تمام ضروری کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے ایکس پر جاری بیان میں اس ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے جون 2026 میں امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے باوجود کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
Deputy Prime Minister and Foreign Minister, Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50, held a telephonic conversation today with His Highness Prince Faisal bin Farhan Al Saud, Foreign Minister of the Kingdom of Saudi Arabia. @FaisalbinFarhan
The two leaders exchanged views on the… pic.twitter.com/t3GIB46LPD
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) July 11, 2026
ان کا کہنا تھا کہ تنازعے کا دوبارہ بھڑک اٹھنا کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں اور یہ خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔
بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے تمام فریقوں سے پاکستان کی اس اپیل کا اعادہ کیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ثالثی کی کوششوں کو پُرامن اور بامعنی نتائج تک پہنچنے کے لیے ضروری وقت اور موقع فراہم کریں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل ہفتے کو سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بھی امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی کوششوں پر گفتگو ہوئی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
امریکہ نے بدھ کو آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملوں کے جواب میں ایران پر فضائی حملوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا تھا، جس کے بعد ایران نے کویت، بحرین اور اردن کو نشانہ بنایا۔
جمعے کو مصر اور قطر نے بھی امریکہ اور ایران پر زور دیا تھا کہ وہ اختلافات کے حل کے لیے دوبارہ مذاکرات کا آغاز کریں۔
