پاکستانی کاروباری شخصیت معیز احمد مرزا کا انگلش فٹ بال کلب کا کنٹرول لینے کا معاہدہ

کویت میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت معیز احمد مرزا نے انگلینڈ کے نان لیگ فٹ بال کلب پلیمتھ پارک وے ایف سی کا کنٹرول حاصل کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

معیز مرزا کی کمپنی ایم ای سی سٹڈی گروپ اور کلب کے درمیان ہیڈزآف ٹرمز پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کے بعد کلب کی نئی ملکیتی اور انتظامی ساخت تشکیل دینے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

کلب کے مطابق حتمی معاہدے اور متعلقہ فٹ بال حکام کی منظوریوں کا عمل ابھی مکمل ہونا باقی ہے۔

کراچی میں پیدا ہونے والے اور کویت میں مقیم معیز احمد مرزا ایم ای سی سٹڈی گروپ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو ہیں۔

ان کی کمپنی کا صدر دفتر کویت میں ہے اور یہ عالمی سطح پر طلبہ کو بیرونِ ملک تعلیم کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ ان کے کویت کے علاوہ سعودی عرب اور پاکستان میں بھی دفاتر موجود ہیں۔

معیز مرزا  نے اس حوالے سے چند روز قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ انگش فٹ بال کے بڑے مداح ہیں خاص طور پر چیلسی کو وہ طالب علمی کے زمانے سے پسند کرتے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’فٹ بال کلب کو خریدنے کا میرا خواب تھا۔ لندن آتے ہوئے میری والدہ نے مجھ سے پوچھا کہ کیا دس سال قبل آپ نے سوچا تھا کہ آپ کا اپنا فٹ بال کلب ہوگا تو میں نے کہا جی میں نے سوچا تھا۔‘

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’بطور پاکستانی میں چاہتا ہوں کہ اچھے پاکستانی فٹ بال کھلاڑی اچھی ٹیمز کے لیے کھیلیں۔‘

معیز مرزا نے کلب کو اگلے 12 سے 18 ماہ میں فل ٹائم پروفیشنل کلب بنانے اور اکیڈمی، انفراسٹرکچر اور سٹیڈیم میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کا خواب اگلے 10 برس میں پلیمتھ پارک وے کو انگلش فٹ بال لیگ (EFL) تک پہنچانا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

1988 میں قائم پلیمتھ پارک وے ایف سی اس وقت انگلش فٹ بال کے ساتویں درجے، سدرن لیگ پریمیئر ڈویژن ساؤتھ میں کھیل رہا ہے اور اپنے ہوم میچز بولیٹھو پارک میں کھیلتا ہے۔

پلیمتھ پارک وے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق فٹ بال کلب کے چیئرمین مارک رسل اور وائس چیئرمین گیز بیگوٹ کا کہنا ہے کہ ’یہ پلیمتھ پارک وے کے لیے ایک اہم اگلا قدم اور فٹ بال کلب کے لیے ایک نئے اور پُرجوش باب کا آغاز ہے۔

’ہم اس بات پر متفق ہیں کہ ترجیح پہلے سے موجود بنیادوں کو مزید مضبوط کرنا، کلب کو طویل مدت کے لیے مستحکم بنانا اور کلب کے تمام شعبوں میں نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ابھی بہت سا کام کرنا باقی ہے، تاہم ہیڈز آف ٹرمز پر دستخط سے اس عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔ مستقبل پُرجوش ہے اور جیسے جیسے یہ نیا باب آگے بڑھے گا، مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔‘

معیز احمد مرزا نے کہا کہ ’پلیمتھ پارک وے کے پاس پہلے ہی وہ چیز موجود ہے جو پیسہ نہیں خرید سکتا: تاریخ، شناخت، پُرجوش لوگ اور ایک ایسی کمیونٹی جو اپنے فٹ بال کلب کی پروا کرتی ہے۔‘

اس بارے میں سوشل میڈیا پر بات کرتے ہوئے معیز مرزا کی اہلیہ نے بتایا کہ ’معیز ایک دن اچانک سے میرے پاس آئے اور کہا مجھے فٹ بال کلب لینا ہے اور فٹ بال کے لیے ان کا شوق دیکھتے ہوئے میں نے کہا کہ بالکل آپ کو لینا چاہیے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’میرے شوہر مجھے ایسے ہی سرپرائز کرتے رہتے ہیں۔ وہ ہر چیز جلد بازی میں کرتے ہیں۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *