وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی کے درمیان منگل کو اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کروانے اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا و ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات، نشریات، میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت اطلاعات سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں، اس لیے انہیں سعودی عرب میں متعارف کرانے سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت اور روایات کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، میڈیا نمائندگان اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلوں کی تجویز بھی دی، جبکہ مشترکہ ثقافتی منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن اور تاریخی مقامات سے مالا مال ہے۔
سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور احترام کو قابل فخر قرار دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تقریبات، فنون، ادب اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
