راولپنڈی کے قدیم ہندو مندر: مذہبی تنوع کی یادگاریں خستہ حالی کا شکار کیوں؟

راولپنڈی کی گنجان شہری آبادی میں بجلی کی تاروں اور اشتہاری بورڈز کے درمیان ابھرتا ہوا ایک ہندو مندر کا بلند مینار شہر کے مذہبی تنوع پر مبنی ماضی کی یاد دلاتا ہے۔

مسلم اکثریتی ملک پاکستان میں واقع یہ مندر ’راولپنڈی کی تاریخ کے ایک بالکل مختلف دور کی یاد دلاتا ہے، جب مختلف مذاہب اور برادریوں کے لوگ مل جل کر رہا کرتے تھے۔‘ یہ بات محقق حسان طوسیف نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتائی۔

حسان طوسیف کے مطابق 19ویں صدی میں تعمیر ہونے والے اس مندر کا بیرونی حصہ شہر کے مرکزی تجارتی علاقے راجہ بازار میں خستہ حالی کا شکار ہے۔ اس کی نچلی منزل پر ایک زیورات بنانے والا اپنی دکان چلا رہا ہے، جبکہ باہر گنجان سڑکوں پر موٹر سائیکلوں کے ہارن کی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔

31 اکتوبر 2026 کو لی گئی اس تصویر میں راولپنڈی میں ایک متروک ہندو مندر کے سامنے سے گزرتے ہوئے شہری دکھائی دے رہے ہیں، جسے اب دکان کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ (اے ایف پی)

ماہر تعمیرات اور ثقافتی ورثہ حسان طوسیف کے مطابق یہ غیر فعال مندر راولپنڈی میں موجود 39 باقی رہ جانے والے ہندو مندروں میں سے ایک ہے۔ ان میں سے صرف تین اب بھی شہر کی سکڑتی ہوئی ہندو برادری کے لیے عبادت گاہوں کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں، جبکہ باقی مندروں کو گھروں، دکانوں اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

1947 میں برطانوی حکمرانی میں آنے والے انڈیا کی تقسیم سے پہلے راولپنڈی ایک ایسا شہر تھا جہاں مختلف مذاہب کے لوگ آباد تھے اور غیر مسلم آبادی اکثریت میں تھی۔

تقسیم کے دوران خونریزی اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے نتیجے میں ہندو اور سکھ انڈیا چلے گئے، جبکہ مسلمان پناہ گزین پاکستان آگئے۔ اس عمل نے شہر کی آبادی کا تناسب مستقل طور پر تبدیل کر دیا۔

آج پاکستان کی 24 کروڑ آبادی میں مسلمانوں کا تناسب 96 فیصد ہے، جبکہ ہندو تقریباً دو فیصد ہیں، جن میں سے زیادہ تر دیہی علاقوں، بالخصوص ملک کے جنوبی حصے میں آباد ہیں۔

مذہبی اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک کی جڑیں گہری ہیں۔ پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن کی رواں سال کی ایک رپورٹ میں اقلیتی برادریوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور حملوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

راولپنڈی کے شمالی علاقے پرانا قلعہ میں واقع ایک سابق ہندو مندر کی خستہ حال دیواروں کی دراڑوں سے چھوٹے درخت نکل رہے ہیں، جبکہ اس کی اصل کھڑکیوں کو اینٹوں سے بند کر دیا گیا ہے۔

مندر کے باہر رسی پر لٹکے کپڑے ظاہر کرتے ہیں کہ اب اس عمارت کو رہائش گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے اردگرد کا علاقہ موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے کے لیے بھی مقبول ہو چکا ہے۔

بہت سی تاریخی ہندو عبادت گاہیں خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہیں۔ ان عمارتوں کو رہائش گاہوں کے علاوہ گوداموں اور سکولوں کے طور پر بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

حسان طوسیف نے بتایا کہ ’جب رہائش کی کمی بہت زیادہ بڑھ گئی تو حکومت نے ان میں سے بہت سے مندروں کو خاندانوں میں گھروں کے طور پر الاٹ کرنا شروع کر دیا۔‘

19ویں صدی میں تعمیر کیا گیا گنبد نما کلیان داس مندر اب بصارت سے محروم بچوں کے لیے قائم قندیل سکول کے احاطے میں واقع ہے۔ اس کی دیواروں پر نقش و نگار اب بھی واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سکول کے پرنسپل پرویز اختر کا کہنا ہے کہ طلبہ کو راولپنڈی کے مذہبی ماضی سے روشناس کرانے کے واضح تعلیمی اور ثقافتی فوائد ہیں۔

انہوں نے کہا، ’نوجوان نسل کے لیے یہ جاننا اہم ہے کہ اس مذہب میں عبادت کا طریقہ کیا تھا اور ان کی عبادت گاہیں کیسی ہوتی تھیں۔‘

پرویز اختر نے مزید کہا، ’مسلمان ہونے کے ناطے ہم تمام عبادت گاہوں کا احترام کرتے ہیں۔ اسی جذبے کے تحت ہم اس جگہ کا بھی احترام کرتے ہیں۔‘

راولپنڈی کی سکڑتی ہوئی ہندو برادری اب بھی امید رکھتی ہے کہ ان کے متروک مندروں میں دوبارہ زندگی لوٹ سکتی ہے۔

1992 میں انڈیا میں بابری مسجد کی شہادت کے بعد پاکستان بھر میں جوابی فسادات پھوٹ پڑے تھے اور مشتعل ہجوم نے ہندو عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا تھا، جن میں راولپنڈی کے کئی مندر بھی شامل تھے۔

مہارشی والمیکی مندر بھی ان حملوں کا نشانہ بنا تھا اور اس کا مینار گرا دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اس کی مرمت کرکے اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔

راولپنڈی کے متروک ہندو مندروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اس مندر کے 74 سالہ پجاری میر چند کھوکھر نے کہا، ’اگر حکومت یہ مندر ہمیں دے دے تو ہم انہیں دوبارہ فعال بھی بنا سکتے ہیں۔‘

حسان طوسیف نے کہا، ’یہ ہمیں راولپنڈی کے ایک بالکل مختلف دور کی یاد دلاتے ہیں، جب یہاں کہیں زیادہ رواداری تھی۔ ہم یہ تسلیم کرنے میں ناکام رہتے ہیں کہ دوسرا شخص کبھی ہمارا بھائی بھی تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’یہ مقامات کہانیاں سنانے کی جگہیں بن سکتے ہیں، ایسے مقامات جہاں سوالات اٹھائے جا سکیں لیکن ان کے جواب بھی ملیں اور لوگوں میں ایک دوسرے کے لیے ہمدردی پیدا ہو۔ ایسے وقت میں جب جنوبی ایشیا کو اس کی اشد ضرورت ہے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *