پاکستانی لڑاکا طیاروں کے حوثیوں کے خلاف استعمال کی خبر من گھڑت: وزارت اطلاعات

پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات نے جمعرات کو یمن کے حوثیوں کے خلاف پاکستان ایئر فورس کے طیاروں کے استعمال سے متعلق نیویارک ٹائمز کی خبر کو ’جعلی اور من گھڑت‘ قرار دیا ہے۔

امریکی اخبار نے ایک سینیئر پاکستانی فوجی عہدیدار کے حوالے سے خبر شائع کی جس میں انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بدھ کو دعویٰ کیا تھا کہ ’پاکستان ایئر فورس کے جنگی طیارے حوثیوں کے خلاف حملوں میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔‘

نیویارک ٹائمز نے اپنی خبر میں پاکستان میں امریکی فوج کے سابق اتاشی اور امریکی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق اعلیٰ تجزیہ کار کرنل ڈیوڈ او اسمتھ کا حوالہ دیتے ہوئے بھی رپورٹ کیا کہ ’اگرچہ انہیں خفیہ اعداد و شمار تک رسائی حاصل نہیں، تاہم تجزیہ کاروں میں اس بات پر اتفاق رائے ہے کہ تقریباً 8 ہزار پاکستانی فوجی سعودی عرب میں تعینات کیے گئے ہیں۔‘

تاہم پاکستان نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ’جھوٹ اور من گھڑت‘ قرار دیا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت اطلاعات نے جمعرات کو ایکس پر جاری اپنے فیکٹ چیک بیان میں کہا کہ نیویارک ٹائمز کی خبر میں حوثیوں کے خلاف پاکستانی فضائیہ کے طیاروں کے استعمال کا دعویٰ بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔

بیان میں بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے ایک بار پھر کہا گیا ہے کہ ’وہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کے ممکنہ استعمال سے متعلق قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ سے گریز کریں۔‘

وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ ’اگر پاکستانی مسلح افواج کو کسی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت پیش آئی تو اس کی تفصیلات متعلقہ حکام فراہم کریں گے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *