ویبھو سوریہ ونشی کا ’تاریخی‘ ڈیبیو: سچن ٹنڈولکر کا 37 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

انڈیا کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نے انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں بین الاقوامی کیپ حاصل کر کے ایک بڑا سنگِ میل عبور کر لیا۔

 صرف 15 سال اور 99 دن کی عمر میں میدان میں اترنے والے ویبھو انڈیا کی نمائندگی کرنے والے کم عمر ترین بین الاقوامی کرکٹر بن گئے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز کو میچ سے قبل ساتھی کرکٹر تلک ورما نے ڈیبیو کیپ پیش کی۔ ویبھو انڈیا کے 122ویں مرد ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹر بنے اور انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا 37 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

ٹنڈولکر نے نومبر 1989 میں کراچی میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اس وقت ان کی عمر 16 برس تھی۔

ٹاس جیتنے کے بعد انڈین کپتان شریاس ایئر نے کہا کہ ویبھو نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔

ان کے مطابق نوجوان بلے باز دباؤ کو خاطر میں نہیں لاتے اور آنے والے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں، اسی لیے وہ بین الاقوامی کرکٹ کے لیے تیار دکھائی دیتے ہیں۔

ویبھو سوریہ ونشی کو انڈیا کے با صلاحیت ترین نوجوان ٹیلنٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کی شہرت میں تیزی سے اضافہ گذشتہ سال اس وقت ہوا جب انہوں نے آئی پی ایل میں صرف 35 گیندوں پر دھواں دار سنچری سکور کی۔

رواں آئی پی ایل سیزن میں بھی انہوں نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا، ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بنے، ان کا سٹرائیک ریٹ 237 سے زائد رہا جبکہ انہوں نے ریکارڈ 72 چھکے بھی لگائے۔

ان مسلسل پرفارمنسز کے بعد قومی ٹیم میں ان کی شمولیت کا مطالبہ زور پکڑتا گیا، تاہم سلیکٹرز نے جلد بازی سے گریز کیا اور مارچ میں 15 برس کے ہونے کے بعد ہی انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے سکواڈ میں شامل کیا گیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگرچہ ویبھو کو آئرلینڈ کے خلاف دو میچوں میں موقع نہیں ملا اور وہ سائیڈ لائن پر رہے، جبکہ انڈیا کو حیران کن طور پر سیریز میں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں انہیں انتظار کے بعد ڈیبیو کا موقع مل گیا۔ سیریز کا پہلا میچ بغیر نتیجہ ختم ہونے کے باعث مقابلہ 0-0 سے برابر تھا۔

ڈیبیو میچ میں ویبھو نے اوپننگ کرتے ہوئے اپنے انداز کی جھلک دکھائی۔ انہوں نے انگلینڈ کے فاسٹ بولرز جوفرا آرچر اور جوش ٹنگ کے خلاف ایک، ایک چھکا جڑا۔

لیکن جارحانہ کھیل جاری رکھتے ہوئے ول جیکس کے خلاف کریز سے نکل کر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سٹمپ آؤٹ ہ وگئے۔ وہ 10 گیندوں پر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے بھی میچ سے قبل اعتراف کیا تھا کہ میزبان ٹیم نے ویبھو سوریہ ونشی کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی ہے۔

ان کے مطابق انگلینڈ نے نوجوان بلے باز کے کھیل کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور اس کے خلاف مخصوص حکمت عملی تیار کی گئی ہے، اب اصل امتحان اس پلان پر عملدرآمد کا تھا۔

مختصر اننگز کے باوجود ویبھو سوریہ ونشی کا ڈیبیو انڈین کرکٹ میں ایک نئے دور کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور شائقین کی نظریں اب اس بات پر ہیں کہ آیا یہ نوجوان کھلاڑی اپنی ابتدائی کارکردگی کو عالمی سطح پر مستقل کامیابی میں تبدیل کر پاتا ہے یا نہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *