پاکستانی اداکاروں سے سجی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جو چار دسمبر کو آن لائن ویڈیو پلیٹ فارم پر ریلیز ہوگی۔
معروف مصنفہ فرحت اشتیاق کے ناول پر مبنی اس سیریز کا سکرین پلے بھی انہوں نے خود لکھا ہے۔
سیریز میں تین نسلوں کی چھ کہانیاں دکھائی جائیں گی، تاہم اس کی اقساط کی تعداد سامنے نہیں آئی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فلموں اور ڈراموں سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کے مطابق سیریز کی کہانی سکندر اور لیزا کے گرد گھومتی ہے، تاہم اس کے مکمل پلاٹ اور ناول سے سیریز میں کی گئی تبدیلیوں کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
سیریز کی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، مایا علی، ہانیہ عامر، احد رضا میر اور اقرا عزیز سمیت کئی معروف اداکار شامل ہیں۔
احد رضا میر سکندر، اقرا عزیز لیزا، فواد خان محمود اور ماہرہ خان راحت کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
انڈیا میں سیریز کی مخالفت
سیریز کی ریلیز سے قبل انڈین فلمی کارکنوں کی تنظیم آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط لکھا ہے۔
ایکس پر شیئر کیے گئے اس خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو انڈیا میں نشر یا سٹریم کرنے کی اجازت نہ دی جائے اور پاکستانی مواد پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔
تنظیم نے اپنے مؤقف کے حق میں انڈیا میں ہونے والے حملوں اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا حوالہ دیا ہے۔
اداکاروں کے اپنے کرداروں سے متعلق پیغامات
سیریز کے پوسٹرز سامنے آنے کے بعد اداکاروں نے بھی انسٹاگرام پر اپنے کرداروں سے متعلق پیغامات شیئر کیے ہیں۔
فواد خان نے اپنے کردار محمود کے بارے میں لکھا کہ اس کی زندگی کو اس کی جگہ رہ کر محسوس کرنا ایک خاموش اور گہری محبت کا بوجھ اٹھانے جیسا تھا۔
انہوں نے محمود کو ایک ایسے انسان کے طور پر بیان کیا جو اپنے پختہ نظریات اور کچھ کمزوریوں کے درمیان الجھا ہوا ہے اور اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی بنائی ہوئی دنیا کو بکھرتے دیکھتا ہے۔
ماہرہ خان نے اپنے کردار راحت کے لیے لکھا کہ انہوں نے اس کا ہر درد، ہر الجھن اور اس کی محبت محسوس کی ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں راحت کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: ’میری جان راحت، امید ہے تم خود کو معاف کر سکو گے۔‘
ماہرہ نے خود کو وہ انسان بھی قرار دیا، جسے راحت کی زندگی جینے کا موقع ملا۔
ہانیہ عامر نے کلثوم کے کردار کے لیے اپنے پیغام میں محبت اور اپنائیت کے احساسات کا ذکر کیا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ کلثوم کو ایسی محبت ملے جو اسے ماضی کی یادوں سے آزاد ہو کر اپنائیت کا احساس دے۔
سوشل میڈیا پر ردعمل
ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سیریز کی بڑی کاسٹ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔
ایک صارف نے لکھا: ’جو ایکٹرز بچے ہیں، وہ بھی سمیٹ لو!‘
ایک اور صارف نے خدشہ ظاہر کیا کہ اتنی بڑی کاسٹ کے ساتھ کہانی کو سنبھالنا مشکل ہو سکتا ہے۔
تاہم زیادہ تر صارفین سیریز کے لیے پرجوش بھی دکھائی دیے۔ ایک صارف نے لکھا: ’ہماری ایک سیریز انڈیا کی ساری سیریز کا چارم فیل کر دے گی۔‘
اسی طرح ایک صارف نے کہا کہ وہ نیٹ فلکس کا سبسکرپشن ختم کر چکی تھیں لیکن اب یہ سیریز دیکھنے کے لیے دوبارہ سبسکرائب کریں گی۔
