اشتہارات کی دنیا کے ہنگامے، عام زندگی کی الجھنیں اور معاشرتی خاموشی کے خلاف اٹھتی آوازیں۔ ان تین مختلف رنگوں کے ساتھ نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ارے واہ انٹرٹینمنٹ‘ نے اپنے سفر کا آغاز کر دیا۔
کراچی آرٹس کونسل میں جمعرات کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں شوبز، فیشن اور اشتہارات کی دنیا سے وابستہ نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقعے پر پلیٹ فارم کی تین سیریز ’ارے واہ!‘، ’سلام زندگی‘ اور ’چکڑ‘ کے ٹریلرز بھی پیش کیے گئے۔
نیا پلیٹ فارم ایسی مقامی کہانیاں سامنے لانا چاہتا ہے جن میں ناظرین کو اپنی زندگی، اپنے رشتوں اور اپنے اردگرد کے معاشرے کی جھلک دکھائی دے۔ مقصد صرف دل بہلانا نہیں، بلکہ ہنستے مسکراتے کچھ سوال چھوڑ جانا بھی ہے۔
کامیڈی سیریز ’ارے واہ!‘ ناظرین کو اشتہارات کی دنیا کے پس پردہ لے جاتی ہے، جہاں کام کی ہلچل اور دلچسپ صورت حال مزاح کا رنگ اختیار کرتی ہے۔ ’سلام زندگی‘ عام لوگوں کے غیرمعمولی دکھ سکھ، رشتوں کی نزاکتوں اور روزمرہ کے تجربات کو موضوع بناتی ہے۔ تیسری سیریز ’چکڑ‘ خاموش رہنے کے بجائے سوال کرنے اور اپنی آواز بلند کرنے کا پیغام دیتی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تقریبِ افتتاح میں عمر عالم، ہاجرہ یامین، احسن افضل خان، ریحام رفیق، ایریکا رابن، احتشام الدین، دانیال عمر اور نجف بلگرامی سمیت متعدد فنکاروں اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
سنرجی گروپ کے بانی چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد کپاڈیا بھی موجود تھے۔
ڈیجیٹل تفریح میں ناظرین کی بڑھتی دلچسپی کے درمیان ’ارے واہ انٹرٹینمنٹ‘ کی کوشش ہے کہ مختلف موضوعات اور نئے انداز میں ایسی کہانیاں پیش کی جائیں، جنہیں دیکھ کر ناظرین محسوس کریں کہ یہ قصہ کہیں نہ کہیں ان کا اپنا بھی ہے۔
