لبنان اور پاکستان سکیورٹی کے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنائیں گے: آئی ایس پی آر

لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے پیر کو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے جس میں علاقائی سکیورٹی صورت حال اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ احمد الحجار نے پاکستان کے دو روزہ دورے کے دوران جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورت حال اور سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ملکوں کے سکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور مزید تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے لیے مفید تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں کہا گیا کہ لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔

اس سے قبل لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار پیر کو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے۔

پاکستان کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وہ اس دورے کے دوران پاکستانی قیادت کے ساتھ ’اہم ملاقاتیں‘ کریں گے۔

یہ پیش رفت مشرق وسطیٰ میں کئی ماہ سے جاری تنازعے کے دوران سامنے آئی ہے، جس میں اسرائیل نے لبنان پر حملے کیے ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مارچ سے اب تک ان حملوں میں 4300 سے زائد افراد جان سے جا چکے ہیں۔

پاکستان نے، جو مشرق وسطیٰ کے بحران میں ایک اہم ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے، بحران کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کی قیادت کی اور جون میں ایک عبوری امن معاہدہ کرانے میں کامیاب رہا۔

پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر لبنانی وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *