’درِ نجات‘ اور ’مٹی دے باوے‘: پاکستانی ڈراموں کی سرحدوں سے آگے دھوم

پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت انڈیا اور دنیا کے دیگر ممالک میں کوئی نئی بات نہیں۔ ماضی میں بھی پاکستانی ڈراموں نے سرحدوں سے آگے ناظرین کی توجہ حاصل کی اور اپنی مضبوط کہانیوں، معیاری اداکاری اور منفرد موضوعات کے باعث پہچان بنائی۔

تاہم سوشل میڈیا کے اس دور میں ان ڈراموں کی مقبولیت کا انداز بدل گیا ہے۔ اب ناظرین صرف ڈرامے دیکھتے ہی نہیں بلکہ کرداروں پر بحث کرتے، انہیں مشورے دیتے، مکالمے دہراتے اور ان کی صورت حال پر میمز اور ریلز بھی بناتے ہیں۔

ان دنوں ’درِ نجات‘ اور ’مٹی دے باوے‘ اس رجحان کی نمایاں مثالیں ہیں۔

سرحد پار سوشل میڈیا پر پاکستانی کرداروں کا چرچا

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ گفتگو صرف پاکستانی ناظرین تک محدود نہیں۔ انڈین خواتین اور مرد بھی ان ڈراموں کے کرداروں کے ساتھ جذباتی وابستگی محسوس کرتے اور ان پر اپنی رائے کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

کبھی ذریاب کو مشورے دیے جا رہے ہوتے ہیں، کبھی زامل کے رویے پر تنقید ہو رہی ہوتی ہے اور کبھی ابوبکر کو ایک مثالی شوہر قرار دیا جا رہا ہوتا ہے۔

دوسری طرف ’مٹی دے باوے‘ کی بلو، زرینہ، بالا اور پھجے کےکردار بھی بحث کا حصہ ہیں۔

ان کرداروں پر ریلز اور میمز بن رہی ہیں، جن میں مزاح بھی ہے، تنقید بھی اور جذباتی وابستگی بھی۔ خاص طور پر ابوبکر کے کردار نے ایسی مقبولیت حاصل کی ہے کہ پاکستانی ہی نہیں، انڈین لڑکیاں بھی ابوبکر جیسا شوہر چاہنے کی خواہش کا اظہار کرتی نظر آتی ہیں۔

خواتین کے ساتھ مرد بھی ڈراموں کی صورت حال پر تبصرے کرتے اور کرداروں کو مشورے دیتے ہیں۔ یوں یہ کردار محض سکرین تک محدود نہیں رہے بلکہ سرحد پار روزمرہ سوشل میڈیا گفتگو کا حصہ بن چکے ہیں۔

عمیرہ احمد کا تحریر کردہ ’درِ نجات‘ بظاہر محبت اور ازدواجی زندگی کی کہانی ہے، لیکن اس کے ذریعے انسانی رویوں، مذہب کے حقیقی مفہوم اور عورت کے ماضی سے متعلق معاشرتی سوچ پر اہم سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ذریاب ایک آزاد ماحول میں پرورش پاتی ہے اور اپنے کالج کے ساتھی زامل سے محبت کرنے لگتی ہے، لیکن وقت کے ساتھ زامل کی ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ مذہب کی طرف اس کا رجحان اسے ذریاب سے دور کر دیتا ہے اور وہ کسی دوسری لڑکی سے شادی کر لیتا ہے۔

اس فیصلے سے ذریاب کا اعتماد مجروح ہوتا ہے۔ بعدازاں ابوبکر اس کی زندگی میں آتا ہے، جو اس کے ماضی سے واقف ہونے کے باوجود اسے قبول کرتا اور اس کے احساسات کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔

زامل اور ابوبکر کے کردار مردانہ رویوں کے دو مختلف رخ پیش کرتے ہیں۔ زامل اپنی بدلتی ترجیحات کے سامنے ذریاب کے جذبات کو نظرانداز کرتا ہے، لیکن جب اسے اپنی سابقہ محبت کسی دوسرے شخص کے ساتھ نظر آتی ہے تو پچھتاوے اور حسد میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

اس کے برعکس ابوبکر تحمل، ظرف اور جذباتی پختگی کی علامت ہے۔ وہ ذریاب کے ماضی کو اس کے خلاف استعمال کرنے کے بجائے اس کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ابوبکر کا کردار ناظرین کے لیے محض ایک ڈرامائی کردار نہیں رہا بلکہ ایک ایسے شریکِ حیات کی مثال بن گیا ہے جس کی خواہش بہت سی خواتین کرتی ہیں۔

دُرِ فشاں سلیم نے ذریاب کے کردار میں محبت کی ناکامی، تلخی اور زندگی کی طرف واپسی کی کیفیات کو فطری انداز میں پیش کیا ہے۔

شہریار منور نے ابوبکر کے کردار کو ٹھہراؤ اور نرم لہجے کے ساتھ نبھایا، جبکہ نمیر خان نے زامل کے بدلتے رویوں، پچھتاوے اور حسد کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ صبا حمید اور ثانیہ سعید نے بھی اپنے کرداروں سے کہانی کو مضبوط بنایا ہے۔

خوش بخت کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ثانیہ سعید نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ وہ انڈین مداحوں کی شکر گزار ہیں۔

ان کے مطابق ڈرامہ اور موسیقی سرحدوں سے بالاتر ہو کر لوگوں کو جوڑتے ہیں۔

ثانیہ سعید کہتی ہیں کہ ’خوش بخت ایسی عورت ہے جس نے زندگی میں بہت کچھ برداشت کیا، مگر وہ نہیں چاہتی کہ دوسروں کو بھی انہی حالات سے گزرنا پڑے۔‘

انہوں نے ذریاب کے حوالے سے کہا کہ زامل کو پہچاننے میں اس سے غلطی ہوئی، لیکن اس غلطی کی سزا اسے شوہر کیسے دے سکتا ہے؟ ان کے مطابق ’یہ پدرشاہی سوچ کی عکاسی ہے جہاں عورت کے ماضی کو بنیاد بنا کر اس کے کردار پر سوال اٹھائے جاتے ہیں۔‘

ان کا خیال ہے کہ زامل، ابوبکر اور ذریاب ہمارے معاشرے کے تین مختلف رویوں اور سوچ کی نمائندگی کرتے ہیں۔

’در نجات‘ کی کوپروڈیوسر سونیا خان کہتی ہیں کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ڈرامے کو اتنی پذیرائی ملے گی، البتہ موضوع کی انفرادیت اور حساسیت کا احساس ضرور تھا۔

ان کے مطابق ابوبکر کا کردار تخلیق کرنے کا مقصد یہ دکھانا تھا کہ ہمارے معاشرے میں اچھے مرد بھی موجود ہیں، جو شریکِ حیات کے ماضی کو قبول کر کے اس کے حال کو سمجھتے اور بہتر مستقبل بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے شہریار منور کی عاجزی اور پیشہ ورانہ محنت کو سراہا اور درفشاں سلیم کو قدرتی صلاحیتوں کی مالک اداکارہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ابوبکر کے کردار کو ملنے والا غیر معمولی ردعمل خوش آئند ہے۔

ابوبکر سے بالا تک، کردار ناظرین کی گفتگو کا حصہ بن گئے۔

فائزہ افتخار کا تحریر کردہ اور وجاہت حسین کی ہدایت کاری میں بننے والا ’مٹی دے باوے‘ محبت، نفرت، طبقاتی تفریق اور انتقام کی کہانی ہے۔ اس کی بنیاد بالا (اقبال چنن ) اور بلو (بلقیس بانو ) کے دو مختلف سماجی طبقات سے تعلق رکھنے والے کرداروں کے درمیان کشمکش پر ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بلو ایک خوش حال خاندان سے تعلق رکھتی ہے، جبکہ بالا ایک غریب میراثی گھرانے کا فرد ہے۔ بالا، بلو کی بے تکلفی کو محبت سمجھ بیٹھتا ہے، لیکن بلو اسے اس کی خاندانی حیثیت کا احساس دلاتے ہوئے مسترد کر دیتی ہے۔ یہی طبقاتی تحقیر اس کی زندگی کا رخ بدل دیتی ہے۔

وقت کے ساتھ بالا کے حالات اسے ڈاکو بننے پر مجبور کر دیتے ہیں، جبکہ بلو اپنے مفادات کے لیے دوسروں کو استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرتی۔ بالا کے بھائی کا قتل، اس کے جواب میں نذیر شاہ (بلقیس بانو کا شوہر) کا قتل اور پھر بلو کی ازدواجی زندگی کا خاتمہ کہانی کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے۔

فائزہ افتخار نے کرداروں کو روایتی اچھائی اور برائی کے خانوں میں تقسیم کرنے کے بجائے انسانی کمزوریوں اور متضاد رویوں کے ساتھ پیش کیا ہے۔

بالا کی محرومی، محبت میں ناکامی اور طبقاتی تحقیر کے اثرات ہوں یا بلو کی مفاد پرستی اور انتقام کی نفسیات، ہر کردار اپنے فیصلوں کے ذریعے کہانی کو آگے بڑھاتا ہے۔

وہاج علی نے بالا کے کردار میں حقیقت کے رنگ بھرے ہیں، جبکہ ماہرہ خان نے بلو کے مختلف پہلوؤں کو اعتماد کے ساتھ پیش کیا ہے۔ امر خان زرینہ کے کردار میں خوب جچی ہیں اور سہیل احمد نے پھجے کے کردار میں اپنی فطری اداکاری سے جان ڈال دی ہے۔ حنا آفریدی، عظمیٰ خان، محمود اسلم اور نورالحسن سمیت دیگر فنکاروں نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔

نذیر شاہ کا کردار ادا کرنے والے اداکار جنید خان نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ یہ ان کے لیے ایک دلچسپ تجربہ تھا۔ وجاہت حسین کے ساتھ پہلے بھی کئی پروجیکٹس میں کام کیا اس لیے منفرد سکرپٹ اور بڑے پیمانے پر بننے والے پروجیکٹ نے متاثر کیا۔

ان کے مطابق کہانی کسی حد تک نوے کی دہائی کے پس منظر میں ہے، جب خاندانی عزت اور روایات کے حوالے سے حساسیت زیادہ تھی۔

تاہم ان کی ذاتی رائے ہے کہ انسان کو ماضی کی غلطیوں کو نظرانداز کر کے آگے بڑھنے کا موقع دینا چاہیے۔

انہوں نے انڈیا سمیت بیرونِ ملک ڈرامے کو ملنے والی پذیرائی پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور ماہرہ خان اور وہاج علی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو خوشگوار قرار دیا۔

’مٹی دے باوے‘ کی مصنفہ فائزہ افتخار نے انڈپینڈینٹ اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کہانی کا مرکزی خیال انسانی کمزوریاں ہیں۔ اس میں بعض اچھے کرداروں کو جذباتی کمزوری اور غلط فیصلوں کے باعث برے اعمال کرتے، جبکہ بعض منفی کرداروں کو آزمائش میں اچھے فیصلے کرتے دکھایا گیا ہے۔

طبقاتی اور سماجی تقسیم کے نتیجے میں ہونے والی زیادتیاں بھی کہانی کا اہم موضوع ہیں۔

فائزہ افتخار کے مطابق سکرپٹ کی تحریر میں تقریباً ایک سال جبکہ تحقیق اور کہانی کی تشکیل میں مزید دو سال لگے۔ وہ ہر قسط میں کہانی کو آگے بڑھانے اور اس کی رفتار برقرار رکھنے کی خواہش مند تھیں، اس لیے غیر ضروری طوالت سے گریز کیا۔

اداکاروں کے انتخاب میں بھی ان کی رائے شامل تھی اور پھجے اور جوجی کے کردار لکھتے وقت ان کے ذہن میں بالترتیب سہیل احمد اور مبشر محمود ہی تھے۔

مضبوط کہانی، جاندار کردار اور مشترکہ ثقافتی رنگ

دونوں ڈراموں کی مقبولیت میں مضبوط تحریر اور اداکاری کے ساتھ موسیقی اور ہدایت کاری کا بھی اہم کردار ہے۔

’درِ نجات‘ کا او ایس ٹی اور ’مٹی دے باوے‘ کے لیے عارف لوہار کی آواز میں گایا گیا گیت سوشل میڈیا پر خاصے مقبول ہیں۔

ثاقب خان کی ہدایت کاری نے ’درِ نجات‘ کے جذباتی پہلوؤں کو مؤثر انداز میں پیش کیا، جبکہ وجاہت حسین نے ’مٹی دے باوے‘ کی لوکیشنز، ماحول اور کرداروں کی تشکیل پر خصوصی محنت کی ہے۔

انڈیا میں ان ڈراموں کی پذیرائی کی وجہ مشترکہ زبان، ثقافتی مماثلت اور ایسے معاشرتی مسائل ہیں جن سے سرحد کے دونوں جانب کے ناظرین خود کو جوڑ سکتے ہیں۔ محبت، شادی، خاندانی روایات، طبقاتی فرق اور عورت کا مقام ایسے موضوعات ہیں جو کسی ایک معاشرے تک محدود نہیں۔

’در نجات‘ اور ’مٹی دے باوے‘ کی مقبولیت اس بات کا اظہار ہے کہ پاکستانی ڈراموں کی اصل طاقت مضبوط کہانی، جاندار کردار اور انسانی زندگی سے جڑے موضوعات ہیں۔ جب کہانی میں حقیقت، کرداروں میں گہرائی اور اداکاری میں اثر ہو تو ناظرین صرف ڈرامہ نہیں دیکھتے بلکہ اس کے کرداروں کے ساتھ جینے، انہیں مشورے دینے اور ان پر بات کرنے لگتے ہیں۔

یہی وہ مقام ہے جہاں ایک ڈرامہ محض تفریح نہیں رہتا بلکہ سرحدوں سے آگے بھی ایک مشترکہ گفتگو کا حصہ بن جاتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *