پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو مظفر آباد میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ریاست کو فیصلہ کرنا ہے کہ ہمارے لیے قومی مفاد زیادہ اہم ہے یا ن لیگ کا مفاد؟‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ہم قومی مفاد میں ریاستِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ن لیگ کے مفاد میں نہیں۔ کشمیر کے الیکشن میں میر پور اور کوٹلی کے ووٹ پر ڈاکا مارا گیا۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’آنکھیں کھولیں، ن لیگ کے مفاد کے نام پر پاکستان کا کیا حال ہوا، کشمیر کے ساتھ کیا کر رہے ہیں، یہ آزاد کشمیر ہے، اسے کبھی بھی مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیں گے۔‘
ادھر کشمیر میں پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان نے راولاکوٹ کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی اور روکے جانے پر تصادم میں ایک پولیس اہلکار کی موت جبکہ تین زخمی ہوئے۔ تاہم مظاہرین کے کسی جانی نقصان کی حکام نے کوئی تصدیق نہیں کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راولاکوٹ کے مضافات میں کالعدم تنظیم نے ایک سکیورٹی پوسٹ پر بھی حملہ کیا۔ سرکاری بیان کے مطابق سپاہی علی رضا نے جان کھوئی جبکہ پولیس کے تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ پرتشدد عناصر نے رینجرز اور پولیس کی دو گاڑی کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔
کشمیر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے گریز کریں اور صرف مصدقہ معلومات پر اعتماد کریں۔
بلاول نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’آزاد کشمیر میں جو ہو رہا ہےکیا ہم اسے جمہوریت کا نام دے سکتے، میر پور کے عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنے ووٹ سے پیپلز پارٹی کو اکثریت دلوائی، لیکن لگ رہا ہے ریاست کا ہر فیصلہ ن لیگ کو ترجیح دے رہا ہے، اس کا نقصان کشمیر، پاکستان اور اس کے عوام کو ہو رہا ہے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’ہم اپنے ہی ساتھیوں کی جانیں ضائع ہوتے نہیں دیکھ سکتے، انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکن کو مارا لیکن اس کے باوجود ان کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں، میں انہیں نہیں چھوڑوں گا، آپ کو حق دلا کر رہوں گا۔‘
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ آپ نے مرحلہ وار الیکشن دھاندلی کے لیے کرائے، ان لوگوں نے وہی کام کیا جو انہوں نے پچھلے الیکشن میں کیا تھا۔
دوسری جانب وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے اسلام آباد میں ایک اخباری کانفرنس میں کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن کے حق میں ووٹ دے کر پارٹی کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں عوام کی شرکت عوام کی جیت ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان نے اس موقع پر کہا ہے کہ کشمیر کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کو برتری ملی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مجموعی طور پر انتخابی عمل پرامن رہا۔
انہوں نے نومنتخب نمائندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔
