عمران خان چیک اپ کے بعد صبح 5 بجے واپس اڈیالہ جیل منتقل: وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جمعے کو بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے  چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال سے صبح 5 بجے واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

انہیں جمعے کی شب اڈیالہ جیل سے ہسپتال طبی معائنے کے لیے منتقل کیا گیا تھا،اس دوران پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔ وفاقی وزیر کے ایکس پر بیان تک خود پارٹی کے رہنما اور ترجمان بھی عمران خان کی موجودگی کے بارے میں لاعلم تھے۔

سپریم کورٹ نے دون دن قبل حکم دیا تھا کہ جمعے کی رات 12 بجے سے قبل عمران خان کو ہسپتال منتقل کیا جائے جبکہ پی ٹی آئی نے عندیہ دیا تھا کہ اگر عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو جمعے کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایکس پر لکھا: ’سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قیدی کو 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب مناسب سکیورٹی انتظامات کے تحت ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے، جس میں ماہر امراض چشم، ماہر امراض قلب اور معالج شامل تھے، ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔‘

عطا تارڑ نے مزید لکھا: ’ان کی بہن مسز عظمٰی خان طبی معائنے اور علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔ اس پورے عمل کی تکمیل کے بعد انہیں 21 اگست 2026 کی صبح تقریباً 5 بجے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔‘

73 سالہ عمران خان اگست 2023 سے قید میں ہیں۔ رواں برس انہیں دائیں آنکھ میں ریٹینا سے متعلق ایک بیماری تشخیص ہوئی تھی، جس کے بارے میں ان کے وکلا نے خبردار کیا تھا کہ اس سے بینائی مستقل طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔

اڈیالہ جیل کے حکام کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی ان کی گذشتہ دنوں طبی رپورٹ کے مطابق عمران خان میں بلڈ پریشر اور بے چینی کی ’شدید‘ علامات پائی گئیں۔ تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کی صحت سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے رپورٹ جمع کروائی گئی ہے۔ 

ان کی جماعت پی ٹی آئی مسلسل مطالبہ کرتی رہی ہے کہ ان کا علاج اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں ان کے منتخب کردہ ڈاکٹروں سے کروایا جائے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *