صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف ’نئے کامبینیشن‘ سے اچھی کارکردگی کی امید

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ انہیں سٹار کھلاڑیوں بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے بغیر نئے کامبینیشن سے سری لنکا کے خلاف اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز جمعہ کو راولپنڈی میں شروع ہو رہی ہے۔

تین میچوں کی سیریز میں فرحان کپتان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وہ گذشتہ ہفتے جاپان میں ایشین گیمز میں پاکستان کی دوسری درجے کی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں، جہاں فائنل میں پاکستان کو انڈیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

سکواڈ میں سابق ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کپتان سلمان آغا اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی شامل نہیں ہیں۔ یہ تبدیلیاں 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، جو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا، کے لیے ٹیم تیار کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

صاحبزادہ فرحان نے جمعرات کو سیریز کے آغاز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ یہ نئی ٹیم بہترین ہے اور اس سیریز کے دوران خود کو منظم کرلے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں جانتا ہوں کہ ٹیم کی قیادت کیسے کرنی ہے اور میں دباؤ نہیں لوں گا۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بابر اعظم کی فارم میں کمی آئی تھی اور انہیں فروری میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کے آخری میچ سے بھی ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

شاہین شاہ آفریدی بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے ٹیم کی ترجیحات سے باہر ہیں، تاہم وہ 18 اکتوبر سے راولپنڈی میں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی تین ملکی سیریز میں پاکستان کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔

سری لنکا بھی تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے اور سٹار لیگ سپنر ونیندو ہسرنگا اور سابق کپتان چارتھ اسالنکا کو دورۂ پاکستان کے لیے ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔

ہسرنگا 101 میچوں میں 163 وکٹوں کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر ہیں۔

سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ’بدقسمتی سے ونیندو اب بھی انجری کا شکار ہیں، ہمیں ان کی کمی محسوس ہوگی، لیکن ہمارے پاس چند دیگر باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ آگے بڑھ کر اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔‘

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں رواں سال کے آغاز میں کھیلنے والے مینڈس نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں ہر کوئی جانتا ہے کہ پاکستان میں کیسے کھیلنا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے پاس بھی کچھ نئے چہرے ہیں، لیکن ان کے کھلاڑی اچھے ہیں اور ہم ان میں سے کچھ کو پی ایس ایل سے جانتے ہیں، اس لیے مجھے امید ہے کہ ہمارے کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔‘

سیریز کے باقی دو میچز بھی راولپنڈی میں 11 اور 13 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *