شبمن گل کا گیند پر تھوک لگانے کی اجازت کا مطالبہ، آئی سی سی کا ارداہ نہیں

انڈین کپتان شبمن گل کے مطالبے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا گیند کو چمکانے کے لیے اس پر تھوک لگانے کی پابندی ختم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

شبمن گل نے پیر کو کہا تھا کہ بولرز کو ریورس سوئنگ حاصل کرنے میں مدد دینے کے لیے گیند پر تھوک لگانے کی پابندی ختم کر دینی چاہیے۔

ان کا یہ بیان نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں انڈیا کا پہلا ٹیسٹ میچ زیادہ رنز بننے کے بعد ڈرا ہونے پر سامنے آیا۔

تاہم اے ایف پی کو حاصل معلومات کے مطابق آئی سی سی کا فی الحال اس قانون میں نرمی کا کوئی فوری منصوبہ نہیں۔ گیند کی حالت میں غیر منصفانہ طریقے سے تبدیلی کے دیگر طریقوں کی طرح اسے بھی ممنوع قرار دیا جاتا ہے۔

تھوک کو مٹھائی، چیونگم اور ٹافیوں کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے سے گیند کی حالت میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے، جبکہ اس عمل کی نگرانی اور اسے قواعد کے مطابق محدود رکھنا انتہائی مشکل ہے۔

آئی سی سی نے 2020 میں کورونا وبا کے دوران احتیاطی اقدام کے طور پر گیند پر تھوک لگانے کی اجازت عارضی طور پر معطل کر دی تھی، جسے دو سال بعد مستقل پابندی میں تبدیل کر دیا گیا۔

پرانی گیند کے ایک حصے کو تھوک سے چمکانے اور دوسرے حصے کو کھردرا رکھنے سے فاسٹ بولرز کو گیند لیٹ سوئنگ کرانے میں مدد ملتی ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈرا ہونے والے میچ کے بعد شبمن گل نے کہا: ’مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ہمیں اب تک گیند چمکانے کی اجازت کیوں نہیں دی گئی، ہم کورونا کے دور سے بہت آگے نکل چکے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ایک قانون تھا کہ گیند کو چمکانے کے لیے اس پر تھوک نہیں لگا سکتے۔ سات سے آٹھ سال گزر چکے ہیں اور مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتی کہ اس کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں بولرز کی وکٹیں حاصل کرنے میں مشکلات کی یہ بھی ایک بڑی وجہ ہے۔‘

مہمان انڈین ٹیم نے چوتھے دن کے وسط میں اپنی پہلی اننگز 720 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی، تاہم نیوزی لینڈ نے 120 اوورز تک بیٹنگ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا لیے تھے۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) نے گذشتہ سال گیند پر تھوک لگانے کی پابندی ختم کر دی تھی، جس پر بولرز نے خوشی کا اظہار کیا تھا، تاہم آئی سی سی کو بین الاقوامی میچوں میں اس پابندی میں نرمی کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔

انڈیا اور نیوزی لینڈ اب دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے لیے کرائسٹ چرچ روانہ ہوں گے، جو جمعے سے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو توقع ہے کہ اس میچ میں روایتی انداز کی سبز، گھاس سے ڈھکی اور فاسٹ بولرز کے لیے سازگار پچ دیکھنے کو ملے گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *