شادی میں کیا چیز سب سے زیادہ ضروری ہے؟

شادی زندگی کے درمیان ایسا پڑاؤ ہے جس کے بعد آپ کو نئے سرے سے پیدا ہونا پڑتا ہے۔  

نہیں پیدا ہوں گے تو آپ نہیں جانتے کہ شادی کتنی چلے گی، ہو جائیں گے تب بھی نہیں پتہ ۔۔۔ لیکن ۔۔۔ ایک چیز یاد رکھیں، دوسرے کا حق، احترام اور دوستی ۔۔۔ ان تین چیزوں کا توازن برقرار رکھتے ہوئے آپ کو چلنا کیسے ہے، شادی بس یہ ہے۔

ایکسٹریمز سے آپ کو پیچھے ہٹنا پڑے گا ۔۔۔ اکیلے زندگی تھی، جو مرضی کیا، جیسے دل کیا رہے ۔۔۔ بہترین ۔۔۔ اب کیا کرنا ہے اور کیسے کرنا ہے، اس کا نام شادی ہے۔

محبت اس کے بہت بعد میں آتی ہے۔ ٹاپ تھری میں بھی نہیں ۔۔۔ چوتھی چیز محبت ہے۔

ہمارا مسئلہ یہی ہے کہ چوتھی چیز کو سب کچھ مان کر ’سونا نہ چاندی نہ کوئی محل جان من‘ گاتے ہوئے، جھونپڑی میں رہنے کی آس پر شادی کر لیتے ہیں۔

نہیں ہے یہ شادی، اور اس میں جو کچھ آپ نے سوچا وہ سب مہینے دو بعد ایکسپائر ہو جانا ہے، جو چیزیں ساری عمر آپ کے ساتھ چلیں گی وہ ٹاپ تھری وہی تھیں، دوسرے کا حق، احترام اور دوستی۔

دوستی، مطلب، کیا آپ لوگ کھل کے آپس میں زندگی اور مستقبل کے ہر پہلو پہ بات کر سکتے ہیں، بغیر ڈرے، بغیر لڑے، بغیر طنز کیے، بغیر پریشانی کے ۔۔۔ اور اگر ان میں سے کچھ درمیان میں آ جاتا ہے تو وہاں احترام، عزت اور رواداری کا پارٹ شروع ہو جاتا ہے۔

اس میں سودے بازی بھی نہیں ہو سکتی کہ تم اتنا آگے بڑھو، میں اتنا بیک فٹ ہو جاؤں، آپ کی ساری فلاسفیاں بھی بالکل کام نہیں آئیں گی، جتنا کچھ آپ نے دوسرے جینڈر کے نام پر پڑھا، جو کچھ آپ کی تھیوریاں تھیں، وہ سب ایک کونے میں پڑی ہوں گی ۔۔۔ کہانی شروع ہو گی تو یہیں سے ہو گی ورنہ ختم ہو جائے گی۔

جسمانی تعلق، بچے، اپنے گھر کا مان ۔۔۔ یہ تین چیزیں مرد عورت کو ازل سے چاہیے ہوتی ہیں، بظاہر اسی کے لیے شادی ہوتی ہے لیکن یہ سب کچھ پتھروں کے دور کا انسان بھی چاہتا تھا ۔۔۔ اب کی شادی ایک ایسے دور کی شادی ہے جس میں دونوں پارٹنر زندگی بھر کے سیکھے ہوئے سبق ساتھ لے کر آتے ہیں اور آہستہ آہستہ ان کی روشنی میں ایک دوسرے کو تولنا شروع کرتے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صرف پیسہ، صرف پیار، صرف عزت، صرف گھر، صرف بچے، صرف حق ۔۔۔ کوئی بھی ایک ’صرف‘ نہیں چل سکتا، بیلنس کہاں ہو گا، ہر کیس میں کسی الگ پوائنٹ پر، کوئی بھی چیز فکس دو جمع دو نہیں ہے۔

ویسٹ کے مقابلے میں ہمارے یہاں ایک چیز اور بھی اس میں شامل ہو جاتی ہے، سسرال کے معاملات ۔۔۔ اور ان میں پارٹنرز کتنا ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، یعنی مڑ کے دیکھنے پر کون پیچھے کھڑا ہوتا ہے اور کون غائب؟

تو شادی صرف بستر، دل یا دماغ کا معاملہ نہیں ہے اور نہ ہی آپ کی کسی بھی آئیڈیل سوچ کا بلکہ ایک نئی دنیا میں آپ کا پہلا قدم ہے، وہ دنیا جس میں آپ نے نئے سرے سے پیدا ہونا ہے۔

جس دنیا میں شادی صرف محبت پا لینے کا نام نہیں ہے، ایک دوسرے کے حق میں اپنی آزادی، عادتوں، انا، خاندان اور مستقبل کو دوبارہ ترتیب دینے کا نام ہے۔

اور شادی پھر دوسری کیا تیسری بھی ہو تب بھی قدم پہلا ہو گا، جو سیکھ چکے اسے بھلانا ہے، جو نہیں سیکھا اس کے لیے دماغ میں جگہ رکھنی ہے، پارٹنر کو اور اس سے متعلق تمام رشتوں کی عزت ٹاپ پرائرٹی پہ رکھنی ہے، باقی اللہ کی مرضی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *