سپاٹی فائی عام طور پر اہم مواقع پر اپنے لوگو میں چھوٹی تبدیلیاں کرتا ہے لیکن اس کی تازہ ترین اپڈیٹ جو شاید اب تک پلیٹ فارم کی سب سے نمایاں تبدیلی ہے، نے صارفین کو برہم کر دیا ہے اور وہ اسے واپس لینے کی درخواست کر رہے ہیں۔
اپنی 20ویں سالگرہ کی Spotify 20: Your Party of the Year(s) مہم کے حصے کے طور پر، یہ مقبول میوزک سٹریمنگ سروس، جس کے ماہانہ 75 کروڑ دس لاکھ سے زیادہ فعال صارفین ہیں، نے ایک نیا ڈیزائن پیش کیا۔
اب پہلے والا سادہ سبز دائرہ جس میں تین سیاہ لہریں ہوتی تھیں، اس کی جگہ ایک تھری ڈی، چمکدار سبز ڈسکو بال جیسا لوگو آ گیا ہے، البتہ اس میں وہ خم دار لکیریں اب بھی موجود ہیں۔
اگرچہ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ تبدیلی عارضی ہوگی، لیکن بہت سے صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ لوگو کو ’فوراً‘ پرانی شکل میں واپس لایا جائے۔
ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’میں سب کی طرف سے کہہ رہا ہوں کہ ہمیں نیا لوگو نہیں بلکہ پرانا سپاٹی فائی لوگو زیادہ پسند ہے۔ نیا لوگو بالکل بھی اچھا تاثر نہیں دے رہا۔‘
’مجھے بار بار لگتا ہے کہ ایپ میرے آئی فون پر اپڈیٹ ہو رہی ہے۔ یہ اتنا گہرا اور دھندلا سا ہے کہ مجھے یہ پتہ ہی نہیں چلتا کہ یہ ڈسکو بال ہے۔‘ ایک اور ناراض صارف نے کہا۔
تیسرے صارف نے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ ایک باہر والا دائرہ ہے اور اندر موجود سبز گیند اس دائرے میں صحیح طرح فٹ ہی نہیں بیٹھ رہی، بہت خراب لگ رہا ہے۔ جب آپ زوم کر کے دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ یہ ڈسکو بال ہے، لیکن پھر بھی یہ ٹھیک نہیں لگتا۔‘
’نہیں، یہ واقعی بہت خراب ہے۔ اسے واپس پہلے جیسا کریں۔ ایک چوتھے صارف نے شکایت کی۔ ’جب بھی میں اسے دیکھتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ یہ ڈاؤن لوڈ یا اپڈیٹ ہو رہا ہے۔ یہ حد سے زیادہ برا ہے۔‘
اسے تھری ڈی شکل دینے کے لیے اس ڈسکو بال پر دو سفید شیڈز شامل کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے یہ بالکل ایسا لگتا ہے جیسے ایپ اسٹور سے ابھی ڈاؤن لوڈ ہو رہی ہو۔
’یہ بہت بدصورت ہے۔‘ ایک اور صارف نے کہا۔ ‘میرے ہوم سکرین پر تو یہ اور بھی برا لگتا ہے کیونکہ سمجھ ہی نہیں آتا کہ یہ آئینے والی ڈسکو بال ہے۔‘
تاہم کچھ لوگوں نے اس پر زیادہ ردِعمل نہیں دیا۔ ایک صارف نے کہا، کہ ’یہ ٹھیک ہے۔ کم از کم اس سے بہتر ہے جو کچھ دوسری کمپنیاں کرتیں، وہ تو بس ایک سادہ سبز دائرہ رکھ دیتیں جس میں کچھ بھی نہ ہوتا۔‘
’کافی عرصے بعد پہلی بار لگتا ہے کہ کسی کمپنی نے صرف سادہ ڈیزائن نہیں اپنایا بلکہ واقعی اپنے لوگو کو بہتر بنایا ہے۔ ایک دوسرے صارف نے تعریف کی۔ ’دوسری کمپنیاں بھی اس سے سیکھیں۔‘
’یہ بہت اچھا ہے۔ ایک تیسرے صارف نے تبصرہ کیا۔ ’ڈسکو بال کے ساتھ لوگو میں ایک خوبصورت نیا انداز آیا ہے، جو اس پلیٹ فارم کی اصل پہچان بھی ہے۔‘
سپاٹی فائی کی For the Record سے بات کرتے ہوئے اس متنازع اپڈیٹ کے بارے میں گلوبل برانڈ کی سینئر ڈائریکٹر لارین سولومن نے وضاحت کی کہ ’ہم خاص مواقع پر اپنے لوگو کو تھوڑا بدلتے ہیں اور اسے ثقافت کے اظہار کا حصہ بننے دیتے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’اس کی ایک اچھی مثال پچھلے دو سالوں میں Wrapped کے دوران دیکھنے کو ملی۔ لانچ سے پہلے ہم نے ایسے لوگوز جاری کیے جو سال کے مشہور آرٹسٹس، گانوں اور البمز کی جھلک دیتے تھے اور آنے والی چیزوں کی طرف اشارہ کرتے تھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزائن میں استعمال کیا گیا سبز رنگ ’سوچ سمجھ کر کیا گیا انتخاب‘ تھا۔
سولومن نے کہا کہ ’اس وقت ٹیکنالوجی کی دنیا میں سب کچھ بہت محفوظ لگ رہا تھا۔ بہت زیادہ نیلا رنگ، غیر نمایاں رنگ، بس عام سا۔ ایسے میں یہ جرات مندانہ، چمکدار سبز رنگ منتخب کرنا اس لیے اہم تھا کہ فوراً اپنا الگ مقام بنایا جا سکے۔ اس میں توانائی تھی، یہ زندہ محسوس ہوتا تھا۔‘
پروڈکٹ ڈیزائن کی نائب صدر نکول برو نے کہا کہ اگرچہ سبز رنگ کا شیڈ وقت کے ساتھ تھوڑا بدلتا رہا ہے، لیکن ’بنیادی خیال وہی ہے۔‘
انہوں نے کہا، ’اسے اب بھی جاندار، تھوڑا مختلف اور بالکل اپنا الگ سا محسوس ہونا چاہیے۔ یہی بات نام اور رنگ دونوں میں مشترک ہے ہم کسی پہلے سے موجود طریقے کی پیروی نہیں کرنا چاہتے تھے، بالکل ویسے ہی جیسے کمپنی بناتے وقت ہم نے کسی فارمولا کو فالو نہیں کیا تھا۔‘
