سموگ: پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف خصوصی ٹاسک فورس متحرک

لاہور میں سموگ چھانے کے ساتھ ہی پاکستانی حکام نے فصلوں کی باقیات جلانے کے غیر قانونی عمل کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، جس کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل خطے میں ہر سال فضائی آلودگی کے بحران کو مزید سنگین بنا رہا ہے۔

سوئس ادارے آئی کیو ایئر نے رواں ہفتے کے آغاز میں لاہور کی فضائی آلودگی کو ’انتہائی غیر صحت بخش‘ قرار دیا تھا۔

جمعرات کو لاہور کے مضافات میں دھان کے ایک کھیت میں نئے قائم کیے گئے فوری ردعمل کے یونٹ کے اہلکار اپنی گاڑیوں سے اترے، جہاں فصل کی باقیات سے اٹھنے والا دھواں کھیت کے قریب پھیل رہا تھا۔

عملے نے چند ہی منٹوں میں آگ پر قابو پا لیا، جس سے اسے شہر کی فضا میں مزید دھندلاہٹ پیدا کرنے سے روک دیا گیا۔

علاقے کے کسان عموماً اکتوبر میں چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد کھیتوں میں باقی رہ جانے والی فصل کی باقیات کو آگ لگا دیتے ہیں۔

اس سے صنعتی اخراج، گاڑیوں کے دھوئیں اور تعمیراتی سرگرمیوں سے اڑنے والی گردوغبار کا ایک زہریلا امتزاج پیدا ہوتا ہے، جو سردیوں میں ٹھنڈی ہوا کے باعث فضا میں برقرار رہتا ہے اور آلودگی کو خطرناک سطح تک پہنچا دیتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ٹاسک فورس یونٹ ہے، جو فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ یہ اس مہم کے نمایاں اقدامات میں سے ایک ہے، جس کے بارے میں پنجاب کے حکام کا دعویٰ ہے کہ اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اس عرصے تک انڈیا اور پاکستان میں فصلوں کی باقیات جلنے سے متاثرہ رقبہ تاریخی اوسط کے مقابلے میں کم رہا ہے، تاہم پاکستان میں بہت سے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہیں فضائی آلودگی میں بہتری محسوس نہیں ہو رہی۔

مراعات اور سخت کارروائی کا طریقہ کار

پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کی سربراہ سلوت سعید نے بتایا کہ حکومت نے رواں سال چاول کی زیادہ کاشت والے اضلاع میں 67 فوری ردعمل کے یونٹس پر مشتمل 750 اہلکاروں کی فورس قائم کی ہے۔

ان ٹیموں کا ہدف کھیتوں میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے 10 سے 15 منٹ کے اندر موقع پر پہنچنا ہے۔ فورس کے اہلکار دھان کے کھیتوں میں آگ لگانے کے آثار کا پتہ چلانے کے لیے گشت بھی کرتے ہیں جبکہ مقامی سطح پر شکایات بھی درج کروائی جا سکتی ہیں۔

ٹاسک فورس کے ڈپٹی ڈائریکٹر اشفاق حسین نے بتایا: ’ہمیں مختلف ذرائع سے شکایات موصول ہوتی ہیں اور ہم کم سے کم وقت میں ان پر کارروائی کرتے ہیں۔‘

محکمے کے مطابق رواں ہفتے کے دوران صرف 24 گھنٹوں میں اسے پنجاب بھر سے کھیتوں میں آگ لگنے کی 679 اطلاعات موصول ہوئیں، جن میں سے 650 مقامات پر آگ بجھا دی گئی۔

خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے، گرفتاری یا دونوں سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 محکمہ زراعت پنجاب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد فاروق کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں کو فی ایکڑ 15 ہزار پاکستانی روپے تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

جرمانہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہو سکتی ہے اور انہیں چھ ماہ تک قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔

حکومت نے اب تک 10 ہزار سے زیادہ رعایتی نرخوں پر سپر سیڈر مشینیں بھی تقسیم کی ہیں۔ ان مشینوں کی قیمت کا 60 فیصد حکومت ادا کرتی ہے جبکہ باقی 40 فیصد کسانوں کو دینا ہوتا ہے۔

صحت کا مسلسل بحران

50  ایکڑ اراضی پر کاشت کاری کرنے والے محمد اسماعیل نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے رعایتی سپر سیڈر اور دیگر مشینری استعمال کرنے سے ان کی فی ایکڑ گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس طریقے کو اپنانے والے کسانوں کی تعداد ابھی بھی محدود ہے۔

ایک اور مقامی کسان سلیم عباس، جنہوں نے فصلوں کی باقیات جلانا چھوڑ دیا ہے، کا کہنا ہے کہ بہت سے کسان اب بھی اس طریقے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ اسے اگلی فصل کے لیے کھیت صاف کرنے کا سب سے سستا اور تیز طریقہ سمجھا جاتا ہے۔

گذشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان اور انڈیا ایک دوسرے پر فضائی آلودگی میں اضافے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سلوت سعید نے کہا کہ دونوں ممالک کے لیے یہ ایک بڑا چیلنج ہے اور پاکستان نے بین الاقوامی فورمز پر انڈین حکام کے ساتھ بھی یہ معاملہ اٹھایا ہے۔

انڈیا کی وزارت خارجہ نے تبصرے کے لیے بھیجی گئی روئٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

دوسری جانب گذشتہ چند روز کے دوران لاہور کے مقامی ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے اور وہ راہداریوں اور بنچوں پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں۔

پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحولیات کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ نیّر نے بتایا کہ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ماہ سموگ سے متعلق گلے کی بیماریوں کے باعث ہسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد اکتوبر 2025 میں ریکارڈ کی گئی تعداد کا صرف 69 فیصد تھی۔

تاہم لاہور کے سر گنگا رام ہسپتال میں دل کے مریض احمد ابوبکر نے بتایا کہ سموگ کے باعث انہیں سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں انفیکشن کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان کی دل کی شریانوں کی بائی پاس سرجری ہو چکی ہے اور وہ ذیابیطس کے مریض بھی ہیں۔

محمد نیاز بٹ، جن کا کہنا تھا کہ ان کی ناک اور گلا بند ہو گیا ہے، نے اپنی شکایت ان الفاظ میں بیان کی: ’یہ لوگ فصلوں کی باقیات جلا رہے ہیں اور اس کے خلاف کچھ بھی نہیں کیا جا رہا۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *