پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا کھیل بارش اور خراب روشنی کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔
آج کے کھیل کی اہم بات ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان کی سات وکٹیں تھیں۔
راولپنڈی میں ابر آلود موسم کے دوران انہوں نے 130 رنز دے کر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس کے نتیجے میں سری لنکا کی پوری ٹیم اپنے گذشتہ روز کے سکور 404-4 سے زیادہ آگے نہ بڑھ سکی اور 446 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 12 رنز کے معمولی خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی اور دوسرے سیشن کے 45 منٹ بعد خراب روشنی اور پھر بارش کے باعث کھیل روکے جانے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنا لیے تھے۔
اوپنر اذان اویس 22 اور محمد طحہٰ 24 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ یوں پاکستان کو نو وکٹیں باقی رہتے ہوئے مجموعی طور پر 45 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
پاکستان نے کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل اپنے اوپنر طیب عارف کی وکٹ گنوائی، جنہیں اسیتھا فرنینڈو نے 11 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
ابر آلود موسم میں کھیلے گئے صبح کے سیشن میں ثاقب خان نمایاں رہے۔انہوں نے دن کے پہلے ہی اوور میں سینچری بنانے والے دھننجایا ڈی سلوا کو آؤٹ کرکے سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا آغاز کیا۔
وکٹ کیپر غازی غوری نے ان کا کیچ پکڑا۔ ڈی سلوا اپنے گذشتہ روز کے 167 رنز کے سکور میں کوئی اضافہ نہ کر سکے۔
ڈی سلوا نے 405 منٹ تک جاری رہنے والی طویل اننگز میں 20 چوکے لگائے۔ ان کے بعد سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس بھی جلد پویلین لوٹ گئے، جو تیسرے روز اپنی سینچری مکمل کر چکے تھے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ڈی سلوا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی شراکت قائم کرنے والے کوشل مینڈس پانچویں اوور میں ثاقب خان کا شکار بنے۔
وہ اپنے گذشتہ روز کے سکور میں صرف دو رنز کا اضافہ کرکے 119 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی اننگز میں 10 چوکے اور چار چھکے لگائے۔
سری لنکا نے اپنی آخری چھ وکٹیں صرف 42 رنز کے اضافے پر گنوائیں۔ ثاقب خان نے اپنی پانچویں وکٹ سونل دینوشا کو آؤٹ کرکے حاصل کی، جنہوں نے 20 رنز بنائے اور ان کا کیچ سلپ میں پکڑا گیا۔
اس کے بعد ثاقب خان نے آخری نمبروں پر بیٹنگ کرنے والے لہرو کمارا (صفر) اور اسیتھا فرنینڈو (چار رنز) کو بھی آؤٹ کیا اور ڈیبیو میچ کی ایک اننگز میں سات وکٹیں لینے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔
ان سے قبل یہ کارنامہ فاسٹ بولر محمد زاہد (66 رنز کے عوض سات وکٹیں)، آف سپنر محمد نذیر (99 رنز کے عوض سات وکٹیں) اور لیگ سپنر ابرار احمد (114 رنز کے عوض سات وکٹیں) انجام دے چکے ہیں۔
جمعے کو بھی مزید بارش کی پیش گوئی کے باعث ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد سیریز کا فیصلہ دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ہوگا۔
یہ میچ بھی 17 نومبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
