’اس کی کوئی قیمت ہی نہیں‘: بنوں کے شموس اور ان کی کونج کی انوکھی دوستی

ضلع بنوں کی تحصیل ڈومیل سے تعلق رکھنے والے شموس الرحمٰن اور ایک کونج کی دوستی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ شموس نے اس پرندے کو بچپن سے محبت اور دیکھ بھال کے ساتھ پالا، جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان گہرا تعلق قائم ہو گیا۔

کونج ہر وقت اپنے مالک کے ساتھ رہتی ہے۔ جب شموس موٹر سائیکل پر کہیں جاتے ہیں تو یہ ان کے پیچھے پیچھے اڑتی ہوئی منزل تک پہنچ جاتی ہے۔ بچوں کو سکول چھوڑنے جائیں، بازار جائیں یا کسی اور کام سے نکلیں، کونج ان کا ساتھ نہیں چھوڑتی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دلچسپ بات یہ ہے کہ نماز کے لیے مسجد جانے کے وقت بھی یہ پرندہ ان کے پیچھے مسجد تک پہنچ جاتا ہے اور واپسی پر پھر ان کے ساتھ گھر لوٹ آتا ہے۔ رات کو آرام کے وقت بھی کونج اپنے مالک کے قریب ہی رہتی ہے، حتیٰ کہ جس طرف شموس کروٹ بدلتے ہیں، پرندہ بھی اسی جانب آ کر بیٹھ جاتا ہے۔
 

شموس کا کہنا ہے کہ چند سال قبل انہوں نے انڈیا کی ایک ویڈیو دیکھی تھی جس میں ایک شخص نے اسی طرح ایک پرندہ پالا ہوا تھا۔ اس منظر نے انہیں اتنا متاثر کیا تو انہوں نے اس کا انڈہ مرغی کے انڈوں کے ساتھ رکھا، جس سے بچہ نکل آیا اور پھر انہوں نے کونج کے اس ننھے بچے کو پالا، اس کی دیکھ بھال کی اور وقت گزرنے کے ساتھ یہ رشتہ محبت اور وفاداری کی ایک خوبصورت مثال بن گیا۔

شموس کے مطابق: ’جب میں گھر پر موجود نہیں ہوتا تو کونج بے چینی کا اظہار کرتی ہے اور مسلسل آوازیں نکالتی رہتی ہے، لیکن جیسے ہی واپس آتا ہوں تو اس کی خوشی دیدنی ہوتی ہے۔‘

ماہرین کے مطابق کونج ایک ایسا پرندہ ہے جو عموماً آزاد فضا میں رہنا پسند کرتا ہے اور زیادہ تر پرندے کسی ایک انسان کے ساتھ اس حد تک مانوس نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ شموس اور ان کی کونج کی دوستی علاقے میں خاص توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

شموس کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی اس پرندے کے ساتھ سختی نہیں کی، بلکہ محبت اور توجہ ہی وہ وجہ ہے جس نے کونج کو ان کا ایسا وفادار ساتھی بنا دیا ہے اور اس کی کوئی قیمت نہیں۔

وہ کہتے ہیں: ’اس کی کوئی قیمت ہی نہیں۔ نہ تو یہ میرے پاس 10 لاکھ میں ہے، نہ ایک کروڑ میں، نہ دو کروڑ میں، ہمارے درمیان اتنی محبت ہے کہ میں اسے قیمت پر نہیں بدل سکتا۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *