جالب کمیٹی کی ایک لاکھ روپے امداد کی پیشکش پر طاہرہ جالب کا اظہار تشکر

معروف عوامی شاعر حبیب جالب کی بیٹی طاہرہ جالب نے جالب کمیٹی کی جانب سے روزگار کے لیے ایک لاکھ روپے امداد کی پیشکش پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کریں گی تو کمیٹی کے سربراہ امتیاز عالم کو آگاہ کریں گی۔

طاہرہ جالب نے گذشتہ دنوں بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی بہنوں اور بچوں کی کفالت کے لیے لاہور کی کریم بلاک مارکیٹ میں کھانے کا ڈھابہ قائم کیا، جسے انتظامیہ نے ایک روز بعد ہی ہٹوا دیا۔

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تجاوزات کے خاتمے اور بازاروں میں قائم ریڑھیوں اور ڈھابوں کو ہٹانے کے لیے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) قائم کر رکھی ہے۔

پیرا کی کارروائیوں سے متعلق مختلف شہروں سے ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہتی ہیں۔

سیفما کے سربراہ امتیاز عالم نے عرب نیوز پر شائع ہونے والی طاہرہ جالب سے متعلق خبر پر اپنے ایکس اکاؤنٹ سے ردعمل دیتے ہوئے جالب کمیٹی کی جانب سے انہیں روزگار کے لیے ایک لاکھ روپے امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

طاہرہ جالب نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا ’جالب کمیٹی کی جانب سے ایک لاکھ روپے کی امداد اور ہمدردی کے اعلان پر میں ان کی مشکور ہوں۔‘

انہوں نے کہا ’لیکن ابھی میں نے نہیں سوچا کہ آئندہ روزگار کے لیے کیا کام کروں گی۔ جب بھی کوئی کام شروع کروں گی تو اس بارے میں امتیاز عالم کو آگاہ کر دوں گی۔‘

دوسری جانب پیرا نے میڈیا کو جاری وضاحتی بیان میں کہا کہ ادارہ ’عظیم عوامی شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی کا احترام کرتا ہے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پیرا کے مطابق واقعے سے متعلق انکوائری سے پتہ چلا کہ کسی پیرا افسر یا اہلکار نے طاہرہ جالب کے ڈھابے کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی اہلکار نے ان سے رقم کا مطالبہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ’لہٰذا پیرا سے منسوب دعوے بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔‘

پیرا نے مزید کہا کہ اگر طاہرہ جالب کے پاس کسی اہلکار کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں تو وہ شکایت درج کرائیں، جس کے بعد معاملے کی غیر جانب دارانہ انکوائری کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

پیرا کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے طاہرہ جالب نے کہا کہ جب ڈھابہ ہٹانے کے لیے پیرا کے اہلکار وہاں آئے تو اس وقت دیگر لوگ بھی موقع پر موجود تھے، تاہم وہ اس واقعے کی ویڈیو نہیں بنا سکیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اہلکاروں نے ان سے رقم کا مطالبہ کیا اور ڈھابے کے بینر پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصاویر آویزاں کرنے کا بھی کہا۔

طاہرہ جالب نے کہا ’اس بارے میں ثبوت تو تب مانگے جائیں جب پیرا فورس ہر طرف ایسی رکاوٹیں پیدا نہ کر رہی ہو۔ سوشل میڈیا مختلف شہروں میں لوگوں سے جبری طور پر روزگار چھیننے اور ریڑھیاں الٹانے کے مناظر سے بھرا پڑا ہے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *