نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے جمعرات کو بتایا ہے کہ اس نے کراچی میں ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر ڈارک ویب سے مختلف ممالک کے انٹیلی جنس اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا فروخت کرنے کا الزام ہے۔
این سی سی آئی اے کراچی زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے جمعرات 19 نومبر کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار نوجوان کی سرگرمیوں پر ایک بین الاقوامی ایجنسی 2023 سے نظر رکھے ہوئے تھی۔
شہزاد اکبر کے مطابق چینی حکام کو بھی اس کے بارے میں معلومات درکار تھیں اور وہ بھی اس کے پیچھے تھے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
انہوں نے بتایا ہے کہ نوجوان کو کراچی کی منظور کالونی کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزم مبینہ طور پر آن لائن جوئے کا عادی تھا اور اس نے ہالی وڈ فلم ’بیٹ مین‘ کے کردار بروس وین سے متاثر ہو کر اپنی شناخت ’ڈی پی وینس‘ رکھی ہوئی تھی، جبکہ ٹیلی گرام پر اس کے چینلز کا نام بھی فلم میں دکھائے گئے شہر ’گوتھم‘ کے نام پر تھا۔
ان کے بقول ملزم ڈارک ویب سے مختلف ممالک کے انٹیلی جنس اہلکاروں کی معلومات اور شناخت سے متعلق ڈیٹا حاصل کرکے فروخت کرتا تھا۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ متعلقہ ایجنسی نے مختلف اوقات میں خود بھی ملزم کو ڈیٹا فروخت کیا اور بعد ازاں اس کے آئی پی ایڈریسز کی مدد سے شناخت تک پہنچنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم بظاہر رات کے وقت فوڈ ڈیلیوری کا کام کرتا تھا اور اس کے جسم پر مختلف ٹیٹوز بنے ہوئے ہیں اور اس کیس سے متعلق ویڈیو فوٹیج اور ملزم کا انٹرویو بھی فراہم کیا جائے گا۔
آن لائن جوئے اور منی لانڈرنگ میں ملوث مبینہ نیٹ ورک
این سی سی آئی اے کراچی زون کی جانب سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق آن لائن جوئے، غیر قانونی بیٹنگ اور مبینہ منی لانڈرنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار افراد میں سیف، خضرب، فرخ، زاہد اور تنویر شامل ہیں، جبکہ اس نیٹ ورک کے ذریعے ہونے والی ٹرانزیکشنز کا مجموعی حجم ایک کھرب روپے تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق اس مبینہ نیٹ ورک میں 40 افراد اور کاروباری اداروں کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں 32 کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران بھی شامل ہیں۔
گرفتار پانچ ملزمان میں تین کمپنیوں کے سی ای اوز اور دو ڈائریکٹرز شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران تقریباً ایک ارب روپے کے مشتبہ فنڈز مختلف مالیاتی اکاؤنٹس میں منجمد کیے گئے، جبکہ 70 ہزار امریکی ڈالر مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی یو ایس ڈی ٹی اور 73 لاکھ روپے نقد بھی برآمد کیے گئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے صحافیوں کو بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے موصول ہونے والی مشتبہ ٹرانزیکشن رپورٹس (ایس ٹی آرز) کی بنیاد پر شروع کی گئیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سٹیٹ بینک نے ابتدائی طور پر تقریباً 6.15 ارب روپے کی مشتبہ ٹرانزیکشنز کی نشاندہی کی تھی، تاہم مزید تحقیقات کے دوران تقریباً 38 اکاؤنٹس میں 240 ارب روپے کی کریڈٹ ٹرانزیکشنز سامنے آئیں۔
ان کے بقول بعض اکاؤنٹس ڈیری یا زرعی کاروبار کے نام پر کھولے گئے تھے لیکن ان میں ہونے والی مالیاتی سرگرمیاں اصل کاروبار سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔
بیٹنگ ایپس اور رقوم کی منتقلی کا طریقہ
این سی سی آئی اے کے مطابق تحقیقات میں 1xBet، MelBet، X777 اور X555 سمیت متعدد آن لائن بیٹنگ اور جوئے کی ایپس کا نام سامنے آیا ہے۔
شہزاد اکبر نے بتایا کہ ان ایپس پر اکاؤنٹس بنانے اور رقم جمع کروانے کے لیے جاز کیش، ایزی پیسہ اور دیگر ڈیجیٹل والٹس استعمال کیے جاتے تھے۔
ابتدا میں صارفین کو منافع دے کر مزید رقم لگانے کی ترغیب دی جاتی اور بعد میں رقوم کو مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کر دیا جاتا تھا۔ ان کے مطابق تقریباً 60 سے 65 فیصد رقم دوبارہ بیٹنگ میں استعمال ہوتی جبکہ باقی رقم ایپ ڈیولپرز، کمپنیوں اور دیگر مالیاتی سہولت کاروں میں تقسیم ہوتی تھی۔
بینک حکام کے مبینہ کردار کی تحقیقات
شہزاد اکبر کے مطابق تحقیقات میں ایسے افراد اور بینک حکام کا کردار بھی سامنے آیا ہے جنہوں نے دوسرے لوگوں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوانے اور ان کے استعمال میں مبینہ سہولت فراہم کی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان کے ایک معذور شخص کے تین بینک اکاؤنٹس اس نیٹ ورک میں استعمال کیے گئے، جس کے عوض اسے ماہانہ 20 ہزار روپے دیے جاتے تھے۔
ان تین اکاؤنٹس میں تقریباً 18 ماہ کے دوران دو ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔
بعض بینک منیجرز کو بھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق اس نیٹ ورک کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 (ترمیم شدہ 2025) اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت 18 نومبر 2026 کو ایف آئی آر نمبر 133/2026 درج کی گئی ہے۔
ادارے کے مطابق مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ باقی ملزمان کی گرفتاری، مالیاتی نیٹ ورک سے فائدہ اٹھانے والوں کی شناخت اور ممکنہ ملکی و بین الاقوامی مالیاتی روابط کا پتا لگایا جا سکے۔
