باجوڑ میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ، دو پولیس اہلکار قتل

پاکستان میں پیر کو شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے پہلے روز خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر مامور دو پولیس کانسٹیبل فائرنگ کے واقعے میں جان سے گئے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے باجوڑ کے علاقوں ڈاگ قلعہ اور تبئی میں انسداد پولیو ٹیموں پر فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کانسٹیبلز سید عزیز اور قادر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والی ٹیموں پر حملہ درندہ صفت عناصر کا گھناؤنا فعل ہے۔‘

ریڈیو پاکستان کے مطابق پیر سے ملک کے 79 ’ہائی رسک‘ اضلاع میں ایک ہفتے پر مشتمل انسداد پولیو مہم شروع کر دی گئی ہے، جس کے دوران تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ’این ای او سی‘ کے مطابق مہم میں ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلائیں گے۔ یہ مہم 24 مئی تک جاری رہے گی۔

پاکستان میں یہ مہم ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب رواں ماہ خیبر پختونخوا سے پولیو کے دو نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ یکم مئی کو صحت حکام نے دونوں کیسز کی تصدیق کی تھی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

این ای او سی کے مطابق پنجاب کے 10 اضلاع میں تقریباً 61 لاکھ 90 ہزار بچوں، سندھ کے 20 اضلاع میں 57 لاکھ 90 ہزار بچوں، خیبر پختونخوا کے 23 اضلاع میں 46 لاکھ 10 ہزار بچوں جبکہ بلوچستان کے 25 اضلاع میں تقریباً 19 لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں بھی تقریباً ساڑھے چار لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف رکھا گیا ہے۔

این ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو ہر پولیو مہم کے دوران لازمی قطرے پلوائیں تاکہ ملک سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

ایشیا پیسیفک ہیلتھ نامی جریدے میں مارچ 2023 میں شائع ایک تحقیقی مقالے کے مطابق پاکستان میں مجموعی طور پر 200 تک پولیو ٹیم کے کارکنان مارے گئے ہیں جس میں پولیو ورکرز(مرد و خواتین)، پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکار اور دیگر سٹاف شامل ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق پاکستان اور پڑوسی ملک افغانستان دنیا کے وہ واحد دو ممالک ہیں، جہاں پولیو کا مکمل خاتمہ تاحال نہیں ہو سکا۔

قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر برائے انسدادِ پولیو کے مطابق 2025 میں پولیو کے 30 کیسز رپورٹ کیے گئے، جن کی تعداد ایک سال قبل 2024 میں 74 تھی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *