ای پاسپورٹ سے پاکستانی شہریوں کو سفر میں کیا آسانی مل سکتی ہے؟

عالمی سفر کو آسان بنانے کے لیے دنیا بھر میں کوششیں ہوتی ہیں اور نت نئی ایجادات اور تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔ اسی تناظر میں اب پاکستان نے بھی جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق پرانے پاسپورٹ کی جگہ نیا ڈیجیٹل ’ای پاسپورٹ‘ متعارف کروا دیا ہے۔

حکام کے مطابق ای پاسپورٹ سے پاکستانی شہریوں کو عالمی سفر میں آسانی ہو گی جبکہ بہتر ڈیجیٹل تحفظ اور جعل سازی کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔

پاکستان نے ای پاسپورٹ 2022 میں متعارف کروایا تھا اور اس وقت صرف سرکاری ملازمین و سفارتی حکام اس پاسپورٹ کو حاصل کر سکتے تھے لیکن اب پاکستان کے تمام شہریوں کے لیے پرانے مشین ریڈیبل پاسپورٹ کا اجرا بند کر کے ای پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لیکن سوال یہ ہے کہ یہ ای پاسپورٹ کیا ہے؟ اور اس میں کیا جدید فیچرز شامل ہیں اور یہ عام شہری کی زندگی کیسے آسان بنائے گا؟ اسی حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو نے پاسپورٹ و امیگریشن حکام سے بات کی ہے۔

ای پاسپورٹ کیا ہے؟

حکام کے مطابق ای پاسپورٹ سب سے محفوظ سفری دستاویز ہے، جس میں پاسپورٹ کے صفحے کے اندر الیکٹرانک چِپ لگائی گئی ہے، جس میں پاسپورٹ کے حامل شخص کا ڈیٹا محفوظ ہوتا ہے۔

ریجنل پاسپورٹ دفتر لوئر دیر کے ڈائریکٹر ملک ایاز محمد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ای پاسپورٹ میں چِپ لگنے سے جعل سازی کی روک تھام ہوگی اور کوئی بھی شخص جعل سازی کر کے کسی کا نام اور ڈیٹا استعمال کر کے پاسپورٹ نہیں بنا سکے گا۔

دنیا بھر میں پاسپورٹ پر جعل سازی کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں اور اس کی روک تھام کے لیے مختلف ممالک ای پاسپورٹ کی جانب بڑھ رہے ہیں اور پرانے طرز کے پاسپورٹ ختم کر رہے ہیں۔

دنیا بھر میں 150 ممالک نے اپنے شہریوں کے لیے ای پاسپورٹ متعارف کروایا ہے، جس سے عالمی سفر میں آسانی بھی آئی ہے۔

پاکستانی پاسپورٹ حکام کے مطابق نیا ای پاسپورٹ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔

ای پاسپورٹ سے سفر کیسے آسان ہوگا؟

پاکستان کے پہلے سے متعارف مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ یا اس جیسے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ پر امیگریشن مینئول طریقے سے کی جاتی ہے یعنی ایئرپورٹ پر جا کر وہاں سب کچھ مینئول طریقے سے ہوتا ہے۔

تاہم دیر لوئر پاسپورٹ دفتر کے ریجنل ڈائریکٹر ایاز محمد کے مطابق ای پاسپورٹ سے پاکستانی مسافر ایئرپورٹس پر موجود ای گیٹس اور کاؤنٹرز سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ایاز محمد کے مطابق: ’دنیا کے مختلف ممالک میں سفری سہولت کے لیے ای کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں، جہاں کم وقت میں پاسپورٹ سکین کر کے امیگریشن کا عمل مکمل ہوتا ہے اور لمبی قطاروں کی جھنجھٹ سے مسافر بچ جاتے ہیں۔‘

ای پاسپورٹ کے لیے ضروری ہدایات

ای پاسپورٹ اب پاکستان کا ہر شہری حاصل کر سکتا ہے، تاہم محکمہ امیگریشن و پاسپورٹ کے مطابق ای پاسپورٹ بنانے کے لیے شہری کے نام میں دو حصے یعنی پہلا نام اور آخری نام ہونا ضروری ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسی طرح پاسپورٹ حکام کے مطابق پہلے نام میں زیادہ سے زیادہ 50 حروف اور آخری نام میں زیادہ سے زیادہ 40 حروف ہونا لازمی ہیں جبکہ رشتہ دار یعنی والد، شوہر اور سرپرست کے نام میں بھی زیادہ سے زیادہ 40 حروف ہونا لازمی ہیں۔

ایاز محمد کے مطابق ای پاسپورٹ بنانے کا طریقہ کار ایسا ہی ہے، جس طرح پرانے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا تھا اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے شہریوں کی آسانی کے لیے پاسپورٹ فیس جمع کرنے کا طریقہ کار بھی آسان بنایا گیا ہے اور شہری آسانی سے آن لائن فیس جمع کر سکتے ہیں۔

پرانے میشن ریڈ ایبل پاسپورٹ کے حوالے سے ایاز محمد کا کہنا تھا کہ وہ پاسپورٹ تاریخِ تنسیخ تک قابل استعمال ہے، لیکن ایکسپائر ہونے کے بعد نیا ای پاسپورٹ اب بنانا پڑے گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *