ایچی سن اور ایک عام سکول میں کیا فرق ہوتا ہے؟
گلی محلے کے نکڑ پہ سینکڑوں سکول کھلے ہوتے ہیں، والدین کیوں چاہتے ہیں کہ ان کا بچہ شہر کے سب سے بہترین سکول میں پڑھے؟
تعلیم؟ جی ہاں، انہیں لگتا ہے کہ وہاں سب سے بیسٹ تعلیم ہو گی اور بچہ ہمارا فوراً بڑا آدمی بن کے باہر نکلے گا لیکن استاد ۔۔۔ تعلیم، اچھے اساتذہ، اور اہم ڈگری سے بہت زیادہ جو چیز ایلیٹ سکولوں میں آپ کے بچے کو ملتی ہے وہ اپر کلاس کے دوست یار ہیں۔
آپ نئے نئے امیر ہوئے ہیں یا مڈل کلاس ہیں اور اپنا پیٹ کاٹتے ہیں، یا میاں بیوی دونوں نوکری کرتے ہیں بچوں کی فیس کے لیے، یا ماں خود آئیوی لیگ قسم کے سکول میں جاب کرتی ہے تاکہ بچے وہاں پڑھ سکیں ۔۔۔ ان میں سے کوئی بھی صورتحال ہو سکتی ہے لیکن ماں باپ میں سے ایک جنا ایسا ہوتا ہے جو دل سے چاہتا ہے کہ اس کا بچہ ’بیسٹ تعلیم‘ حاصل کرے۔
پھر آپ چاہتے ہیں کہ بچے کی ہڈیوں سے تیل نکل آئے اور وہ اس سے چراغ جلا کے بس پڑھے اور فرسٹ سیکنڈ آتا جائے۔
ریلیکس ۔۔۔ ایسا نہیں ہوتا۔ آپ اپنا بیسٹ دے رہے ہیں لیکن کہانی سممجھ نہیں پا رہے۔ اولاد پاس ہو رہی ہے، اگلی جماعت چڑھ گئی، آپ نے پریشر فرسٹ سیکنڈ کا نہیں لینا، آپ اس چیز کی تیاری کریں کہ بچے کو اس سکول میں اپنا آپ ایلین نہ محسوس ہو۔
آپ کے پاس مالی طور پر اتنے وسائل ہوں کہ بچہ خوشحالی کے اس بلبلے میں سروائیو کر سکے جو آپ نے دن رات کی مشقت سے اس کے لیے بنایا ہے۔ احساس کمتری سے بچ گیا تو دنیا اسی کی ہے۔
وہاں جو پیئر گروپ ہے، جو بچے آپ کی اولاد کے دوست یار ہیں، وہ سب ایسے گھرانوں سے ہیں جو معاشرے کی تمام ڈیفینیشنز کے مطابق کامیاب ہیں اور بہترین جگہوں پہ ہیں۔ کسی کے والدین کا اپنا کاروبار ہے، کسی کے والد یا والدہ فوج میں اعلیٰ عہدیدار ہیں، کوئی کامیاب وکیل ہے، سیاست دان ہے، مشہور پروفیسر ہے ۔۔۔ تو ان سب بچوں کے درمیان آپ کا بچہ (جو ایک مڈل کلاس گھر کے نارمل سے ماں باپ کا بچہ ہے، یا ایسے گھر کا بچہ ہے جہاں پیسہ نیا نیا آیا ہے) جب روزانہ اٹھے بیٹھے گا تو اس کی دوستیاں بھی انہی کامیاب گھرانوں کی اولاد سے ہوں گی اور جب وہ بڑا ہو گا تو غالباً ایسے ماحول میں ہو گا جہاں زندگی میں آگے بڑھنے کے اچھے موقعے اشتہاروں میں آنے سے پہلے اس کے علم میں ہوں گے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پھر ان سب بچوں کے سامنے زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے کلیئر راستے ہوں گے، ڈیفائنڈ گول ہوں گے، انہیں دنیا کی ڈویلپمنٹس کا پتہ ہو گا، سکول میں کرئیر کونسلنگ تک ان کی پہنچ ہو گی ۔۔۔ تو ایسے ماحول میں موجود بچہ عام سکولوں کے کسی بچے سے بہتر آخر کیوں نہیں ہو گا؟
باقی پھر قسمت کا کھیل ہے۔
ایلیٹ سکولوں میں رہ کے بھی کئی بچے کچھ نہیں کر پاتے، وہ ان کا مقدر ہے، اس میں بھی پڑھائی کا مسئلہ نہیں ہوتا، بات سمجھیے، ہر انسان اس دنیا میں کامیاب ہونے کے لیے نہیں آتا ۔۔۔ کسی کو فنکار بھی بننا ہوتا ہے، کوئی کبھی پیسے نہیں بھی کمانا چاہ سکتا اور کسی کو قسمت اس راستے پہ لے جاتی ہے جس کا والدین نے آف کورس کبھی نہیں سوچا ہوتا، وہ سب چیزیں ماں باپ کے بس سے باہر ہوتی ہیں۔
تو ایچی سن یا منے پرمنے بڑے سکولوں کالجوں ۔۔۔ اور جہاں ہم پڑھے، ان اداروں میں فرق پڑھائی سے زیادہ پورے ماحول کا ہوتا ہے ۔۔۔ کامیابی کی کوئی آسان لیکن مہنگی پلاننگ اگر ایک بچے کے لیے ہو سکتی ہے تو وہ فی الحال یہی ہے۔
تھوڑے کہے کو بہت جانیں، تین منٹ سے زیادہ آپ لوگ بات بھی کہاں سنتے ہیں! السلام علیکم۔
