پانچ سال تک زہرا ایران میں ایک عمر رسیدہ خاتون کی دیکھ بھال کرتی رہیں اور اتنا کما لیتی تھیں کہ ان کا گزارا ہو جاتا تھا۔ اب مغربی افغانستان کے شہر ہرات واپس آنے کے بعد پیشے کے اعتبار سے 28 سالہ دائی بے روزگار ہیں۔ وہ اپنے والدین اور بہن بھائیوں کے ساتھ رہتی ہیں،
ان کا چھ سالہ بیٹا ان سے الگ اپنے سابق شوہر کے ساتھ رہتا ہے۔ زہرا نے کہا، ’کبھی کبھی میں اسے دیکھ بھی نہیں پاتی۔ میں اس سے مہینے میں صرف دو بار ملتی ہوں۔‘
یو این نیوز کے مطابق زہرا ان لاکھوں افغان شہریوں میں شامل ہیں جنہیں گذشتہ چند برسوں کے دوران ایران اور پاکستان سے واپس افغانستان جانے پر مجبور کیا گیا اور ملک بدری کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ وطن واپس پہنچے ہیں۔
واپس آنے والوں میں بہت سی خواتین بھی شامل ہیں، جو اپنے پیچھے روزگار، تعلیم اور نسبتاً مستحکم زندگی چھوڑ آئی ہیں۔ اب وہ ایک ایسے ملک میں واپس آئی ہیں جہاں مواقع تیزی سے محدود ہوتے جا رہے ہیں۔
44 سالہ ہما نے چھ سال ایران میں گزارے۔ آج وہ اپنے خاندان کی واحد کفیل ہیں۔ وہ اپنے معذور اور کام کرنے سے قاصر شوہر کے ساتھ اپنے دیور کے مکان کے ایک کمرے میں رہتی ہیں اور جب بھی کام ملے، لوگوں کے گھروں میں صفائی کرتی اور کپڑے سیتی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’ایران میں میری زندگی بہتر تھی۔ بدقسمتی سے ہمیں ملک بدر کر دیا گیا۔‘
بعض دنوں میں مشکلات ناقابل برداشت ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’کچھ دن مجھے سڑک پر بھیک مانگنا پڑتی ہے۔‘
نارنجی رنگ کا دوپٹہ اوڑھے ایک خاتون صوبہ ہرات میں اسلام قلعہ سرحدی گزرگاہ پر امدادی سفید خیمے کے اندر ایک چھوٹے بچے کو اٹھائے ہوئے ہیں جبکہ پس منظر میں دیگر بچے اور بالغ افراد بھی موجود ہیں۔
دونوں خواتین مختلف حالات میں ایران پہنچیں، لیکن انہیں وہاں جانے پر مجبور کرنے والے عوامل تقریباً ایک جیسے تھے۔ زہرا دائی کی تربیت مکمل کرنے کے بعد افغانستان سے چلی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا، ’اس کی وجہ طالبان تھے، خراب معاشی حالات تھے اور یہ بھی کہ میں تعلیم یافتہ تھی۔‘
گھریلو مشکلات کے باوجود انہیں ایران میں مستقل کام مل گیا تھا۔ ان کے شوہر منشیات کے عادی تھے۔ زہرا نے کہا، ’میری آمدن تھی۔ میری زندگی بہتر تھی۔‘
ہما ایران میں اپارٹمنٹس کی صفائی کرتی تھیں اور دوبارہ استعمال کے قابل پلاسٹک جمع کرکے فروخت کرتی تھیں۔ انہوں نے کہا، ’یہ میرے خاندان کے لیے اچھی آمدن تھی۔ ہم ایک اچھی رہائشی عمارت میں رہتے تھے جہاں سکیورٹی گارڈ بھی تھا۔ پڑوسی کھانے اور بعض اوقات دوسری چیزوں میں بھی میری مدد کرتے تھے۔‘
زندگی نہیں، صرف بقا کی جدوجہد
اب دونوں خواتین اپنی زندگی کو ایسے حالات میں گھرا ہوا بیان کرتی ہیں جہاں مواقع سے زیادہ توجہ محض زندہ رہنے پر ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
زہرا کے والد نابینا ہیں اور کام نہیں کر سکتے، اس لیے ان کا چھوٹا بھائی خاندان میں مستقل آمدن کا واحد ذریعہ ہے۔ زہرا کے پاس پیشہ ورانہ قابلیت موجود ہے اور وہ کلینکس میں رضاکارانہ طور پر کام بھی کر چکی ہیں، لیکن اب تک انہیں ملازمت نہیں مل سکی۔ انہوں نے کہا، ’میرے پاس کام کرنے کے مواقع نہیں ہیں۔‘
ہما کا اپینڈکس کا آپریشن ہوا تھا اور انہیں اب بھی شدید درد رہتا ہے۔ ان کے دیور کی اہلیہ کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں اور ہوما اپنے دیور کی مقروض بھی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’مجھے اپنی طبی ضروریات کے لیے کوئی مدد حاصل نہیں۔ میں نے اپنے آپریشن کے لیے اپنے دیور سے رقم ادھار لی تھی۔‘
لاکھوں افغانوں کی واپسی، بہت سوں کے پاس کچھ بھی نہیں
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزینہ (یو این ایچ سی آر) کے چارلی گڈلیک کے مطابق گذشتہ تین برسوں میں 65 لاکھ سے زیادہ افغان وطن واپس آ چکے ہیں، جن میں صرف 2025 میں واپس آنے والے تقریباً 30 لاکھ افراد بھی شامل ہیں۔ ان افراد کی واپسی سے افغانستان کی آبادی میں 10 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جس سے رہائش، روزگار اور عوامی خدمات پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
افغان خاندان بچوں کے ہمراہ ایک پرہجوم سرحدی واپسی مرکز پر ایک بڑے سفید خیمے کے اندر کمبلوں اور سامان کے تھیلوں پر بیٹھے اور سو رہے ہیں۔ یو این ایچ سی آر سے مدد حاصل کرنے والوں میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچیاں ہیں۔ مجموعی طور پر خواتین اور بچے تقریباً 82 فیصد ہیں۔
گڈلیک نے کہا، ’خواتین اور بچیوں کی بنیادی ضروریات میں یقیناً فوری طور پر پناہ یا افغانستان کے اندر رہنے کے لیے کسی جگہ کا انتظام شامل ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ نقد امداد، تعلیم، روزگار کے ذرائع اور تحفظ سے متعلق خدمات بھی انتہائی اہم ہیں، خصوصاً خواتین اور بچیوں پر عائد پابندیوں کے پیش نظر۔
وطن واپس آنے والے زیادہ تر افراد انتہائی کم سامان کے ساتھ پہنچتے ہیں اور نئی زندگی شروع کرنے کی کوشش کے دوران اپنے رشتہ داروں یا میزبان برادریوں پر انحصار کرتے ہیں۔
سلائی مشین اور زندگی کا سہارا
یو این ایچ سی آر اور اس کے شراکت دار اداروں کی مدد نے دونوں خواتین کے لیے واپسی کے اس مرحلے کو قدرے آسان بنایا ہے۔ یو این ایچ سی آر کے ایک شراکت دار ادارے سے رجوع کیے جانے کے بعد زہرا نقد امداد، قانونی معاونت اور ذہنی صحت اور نفسیاتی و سماجی معاونت کی خدمات حاصل کرنے کی اہل ہو گئیں۔
ہما نے نقد امداد سے ایک ایسی چیز خریدی جس کی انہیں اشد ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا، ’جب مجھے نقد امداد ملی تو میں سلائی مشین خریدنے کے قابل ہو گئی۔ اب میری آمدن ہے اور میں اپنے خاندان کی مدد کرتی ہوں۔‘
اب وہ گھر سے کام کر سکتی ہیں، جس کی وجہ سے آپریشن سے صحت یابی کے دوران انہیں باہر جا کر سخت جسمانی مشقت نہیں کرنا پڑتی۔ اس رقم سے ضروری اشیا بھی خریدی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’میں نے اپنے خاندان کے لیے چاول اور تیل خریدا کیونکہ دو ماہ قبل میرے خاندان کے پاس کھانے کے لیے کچھ نہیں تھا۔‘
گڈلیک نے کہا کہ اس نوعیت کی امداد کا مقصد فوری ضروریات پوری کرنے کے ساتھ خواتین کو طویل مدت کے لیے روزگار اور آمدن کے ذرائع پیدا کرنے میں مدد دینا بھی ہے۔ یو این ایچ سی آر افغانستان بھر میں پیشہ ورانہ تربیت کے 150 سے زیادہ منصوبے چلا رہا ہے اور ان رکاوٹوں کے باوجود خواتین کو آمدن کمانے میں مدد دینے کے طریقے تلاش کرتا رہتا ہے۔
غیر یقینی مستقبل
دونوں خواتین اپنے طویل مدتی منصوبوں کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتیں کیونکہ مستقبل بہت غیر یقینی دکھائی دیتا ہے۔
جب ہما سے پوچھا گیا کہ انہیں مزید کس چیز کی ضرورت ہے تو ان کا جواب سادہ تھا: رہنے کے لیے جگہ، سردیوں کے لیے خوراک اور زندگی میں استحکام۔
انہوں نے کہا، ’مجھے سردیوں کے لیے مزید خوراک، تیل اور دوسری چیزوں کی بھی ضرورت ہے۔‘
زہرا ملازمت، خود مختاری اور اپنے بیٹے کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہیں۔ اس کے باوجود انہیں اپنے بیٹے کی تحویل ملنے کی امید نہیں۔ ان کا سابق شوہر منشیات کا عادی ہے لیکن زہرا کے مطابق عدالتیں ان کے حق میں فیصلہ نہیں کریں گی۔
انہوں نے کہا، ’افغانستان میں عدالتیں ہمیشہ مردوں کا ساتھ دیتی ہیں۔‘
دونوں خواتین مستقبل کے بارے میں فکرمند ہیں۔
ہوما نے کہا، ’میں افغانستان میں اپنے مستقبل کے بارے میں بہت پریشان ہوں۔‘
افغان طالبان کا تاہم کہنا ہے کہ وہ واپس آنے والے افغانوں کی ہر قسم مدد کر رہے ہیں۔ چند روز قبل طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کابل میں ایک اجتماع سے خطاب میں جلاوطن افغان مخالفین، سابق حکومتی اہلکاروں اور بیرونِ ملک مقیم شہریوں کو وطن واپس لوٹنے کی اپیل کی۔ انہوں نے انہیں اہلیت کی بنیاد پر حکومت میں ذمہ داریاں دینے کی پیشکش بھی کی ہے۔

