پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈرمحمد نواز کے خلاف ’ریکرییشنل ڈرگ‘ کے مثبت ٹیسٹ کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق محمد نواز کا یہ ڈوپ ٹیسٹ رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران ہوا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بدھ کو کرک انفو کو بتایا کہ ’آئی سی سی نے اس حوالے سے پی سی بی کو آگاہ کر دیا ہے جس کے بعد کرکٹ بورڈ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔‘
ترجمان پی سی بی کے مطابق ’تحقیقات کے نتائج کے بارے میں آج (بدھ) ہی آئی سی سی کو بتا دیا جائے گا۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کرک انفو کے مطابق اس معاملے کے باعث محمد نواز کا انگلینڈ میں سرے کاؤنٹی کرکٹ کلب کے ساتھ ٹی 20 بلاسٹ کھیلنے کا معاہدہ منسوخ ہو گیا ہے۔
محمد نواز کو پی سی بی کی جانب سے پہلے ہی یہ ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے این او سی مل چکا تھا۔ جس کے بعد رواں ہفتے ہی سرے نے محمد نواز سے معاہدے کا اعلان کرنا تھا۔
32 سالہ محمد نواز پاکستان کے لیے 98 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ ورلڈ کپ میں انہوں نے سات میچز میں 15 رنز بنائے اور سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔
