پاکستان کی قومی اسمبلی نے ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے امن معاہدے پر قوم کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد جمعے کو متفقہ طور پر منظور کر لی۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں ایران اور امریکہ کے درمیان ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کے سلسلے میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی ’امریکہ اور ایران کے درمیان دشمنی کے باضابطہ خاتمے اور امن و استحکام کے فریم ورک سے متعلق معاہدے پر دستخط کے ذریعے حاصل ہونے والی تاریخی سفارتی پیش رفت کو اطمینان اور فخر کے ساتھ نوٹ کرتی ہے۔‘
گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کیے تھے اور بعدازاں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں اس معاہدے پر بطور ثالث دستخط کیے۔
اس پیش رفت کے بعد مشرق وسطیٰ پر چھائے جنگ کے بادل چھٹنے کی امید پیدا ہوئی۔
امریکہ اور ایران کے درمیان اس معاہدے کو فوری طور پر نافذ العمل ہونا ہے اور اس سے جنگ بندی میں توسیع ہوتی ہے جب کہ دونوں فریقوں کو بڑے مسائل پر وسیع تر معاہدے طے کرنے کے لیے 60 دن دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں آج وسطی سوئٹزرلینڈ کے برگن سٹاک ریزورٹ میں مذاکرات ہونے تھے، تاہم انہیں بغیر کوئی وجہ بتائے ملتوی کر دیا گیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ایوان اس تنازعے کے علاقائی امن و استحکام، بلکہ دنیا بھر کے ممالک کے معاشی استحکام اور توانائی کے تحفظ پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو تسلیم کرتا ہے۔ لہذا ’پاکستان کی قومی اسمبلی متفقہ طور پر یہ قرارداد منظور کرتی ہے کہ ایوان وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی خدمات اور کاوشوں کو خراج تحسین کے ساتھ سرکاری ریکارڈ کا حصہ بناتا ہے۔‘
یہ قرارداد قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران پیش کی گئی۔
منظور کردہ قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مذاکراتی عمل میں شریک پوری ٹیم کی خدمات کو سرکاری ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ ان افراد کی ’مخلصانہ اور انتھک کاوشوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک قابل اعتماد اور غیر جانبدار ثالث کے طور پر نمایاں کیا۔‘
قرارداد میں ایران اور امریکہ کی قیادت کو بھی اس تاریخی امن معاہدے کی کامیاب تکمیل اور دستخط پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
