امریکہ ایران ثالثی کوششیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات

ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کے دورے پر موجود پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جمعے کو رات گئے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی ہے۔

روئٹرز کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو تیز کر رہا ہے، تاکہ صورت حال کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے حالیہ سفارتی اقدامات اور ان کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی، جن کا مقصد کشیدگی میں اضافہ روکنا اور ایران سے متعلق جاری تنازع کو ختم کرنا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ مذاکرات دیر رات تک جاری رہے۔

اس سے قبل پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جمعے کو جاری بیان کے مطابق پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران اور امریکی کے درمیان جاری ثالثی کوششوں کے سلسلے میں جمعے کو تہران پہنچے تھے۔

تہران آمد پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقعے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور کے بعد براہ راست گفتگو کا سلسلہ تو تعطل کا شکار ہے تاہم اس دوران پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔

دوسری جانب امریکہ اور ایران گذشتہ روز تک تہران کے یورینیم کے ذخیرے اور آبنائے ہرمز کے کنٹرول پر ایک دوسرے سے مختلف مؤقف پر ڈٹے رہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا حالیہ دورہ امریکہ اور ایران میں ثالثی کی کوششوں کی کڑی ہے۔ اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے رواں برس اپریل میں بھی ایران کا تین روزہ دورہ کیا تھا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *