پاکستان کے ایک سینیئر عہدے دار نے اتوار کے روز عرب نیوز کو تصدیق کی کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی مکہ معاہدے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے 26 اور 27 نومبر کو اسلام آباد میں مذاکرات کریں گے۔
تینوں ممالک اس معاہدے پر عمل درآمد کے لیے طریقۂ کار وضع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اجلاس میں تینوں ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔
یہ معاہدہ سات اگست کو سعودی عرب میں طے پایا تھا، جس کے تحت کسی بھی رکن ملک پر مسلح حملے کو تینوں پر حملہ سمجھا جائے گا۔
معاملے سے آگاہ پاکستانی عہدے دار سے جب پوچھا گیا کہ کیا اجلاس 26 اور 27 نومبر کو ہی ہو گا تو انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ’جی ہاں۔‘
یہ تصدیق نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے اس اعلان کے بعد سامنے آئی کہ معاہدے کی اعلیٰ سطحی سلامتی کمیٹی نومبر کے اختتام سے پہلے اسلام آباد میں اجلاس کرے گی۔
بعد ازاں پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ تینوں ممالک نے ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم اس وقت تک تاریخوں، پروگرام اور تفصیلی ایجنڈے کو حتمی شکل نہیں دی گئی تھی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے جمعے کو اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا ’یہ اجلاس معاہدے کے تحت پیش رفت کا جائزہ لینے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ یہ ابھی ارتقائی مراحل میں ہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہو گی۔‘
مجوزہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب خطے میں سلامتی سے متعلق خدشات بڑھے ہوئے ہیں اور اسلام آباد، ریاض اور انقرہ دفاعی تعاون کو گہرا کرنے اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی انتظامات وضع کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
دفتر خارجہ نے زور دیا ہے کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں۔
ترجمان سجاد خان نے صحافیوں سے کہا ’یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے۔ یہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔ ہم یہ بات بار بار دہرا چکے ہیں۔ پاکستان اس معاہدے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔‘
