افغان طالبان کی باجوڑ میں شہری آبادی پر گولہ باری، 3 اموات: سرکاری میڈیا

پاکستان کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ افغان طالبان کی باجوڑ ضلعے میں پاکستانی سول آبادی پر گولہ باری کے نتیجے میں دو بچے اور ایک خاتون جان سے گئے  جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان ٹیلیویژن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان کی باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں سول آبادی پر بلا اشتعال جارحیت کی۔‘

سکیورٹی ذرائع  کے حوالے سے پی ٹی وی نے بتایا کہ اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک ہی گھر سے خاتون اور 2 بچوں سمیت 3 افراد جان سے گئے جبکہ اتنی ہی تعداد میں شدید زخمی ہوئے۔

’زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔‘ 

پاکستان اور افغانستان کے درمیان گذشتہ مہینے سرحدی جھڑپیں شروع ہوئیں تھیں، جن کے بعد دونوں نے ایک دوسرے پر فضائی حملے بھی کیے۔

اسلام آباد افغان طالبان حکومت پر پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے عسکریت پسند گروہوں کو پناہ دینے کا الزام لگاتا اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔ تاہم کابل ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔

چین، جس کی مغربی سرحد پاکستان اور افغانستان سے لگتی ہے، دونوں ہمسایوں کے درمیان آج کل ثالثی کی کوشش کر رہا ہے۔

پی ٹی وی نے تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ ’افغان طالبان کچھ روز سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں داخل کروانے کی کوشش کر رہے تھے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’لیکن پاکستانی فوج کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔‘ سرکاری میڈیا آؤٹ لیٹ کے مطابق، ’اس ناکامی سے مایوس افغان طالبان نے آج (بدھ کو) کٹ کوٹ میں پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بنا ڈالا۔‘

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’پاکستان فوج نے فوری جوابی کارروائی میں افغانستان سے فائر کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل تباہ کردیا۔‘

مزید کہا گیا کہ ’پاکستان فوج کی کارروائی میں باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے افغان طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا۔‘

پی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ باجوڑ کے مکینوں نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ’افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا ان کے مذموم عزائم اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *