افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، پاکستانی سکیورٹی ذرائع

پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں پاکستان افغانستان سرحد کے گلستان سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کو سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران متعدد افغان طالبان مارے بھی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں پاکستانی سکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جبکہ سرحدی سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز علاقے کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان نے ایک روز قبل کہا تھا کہ اس نے افغانستان میں 10 مقامات پر فضائی حملے کیے، جنہیں پاکستان کے مطابق ڈرونز ذخیرہ کرنے اور پاکستان کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ یہ حملے ’دانستہ، انتہائی درستگی کے حامل، نپے تلے اور متناسب‘ تھے اور انہیں ایسے شناخت شدہ فوجی اہداف تک محدود رکھا گیا جن کا پاکستان کے خلاف حملوں کی کوششوں سے براہ راست تعلق تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی حکام کے مطابق اس سے قبل افغان سرزمین سے پاکستان کی جانب بھیجے گئے آٹھ ڈرونز بھی مار گرائے گئے تھے۔ حکام کے مطابق چار ڈرونز طورخم سے ملحقہ علاقوں جبکہ چار کوہاٹ کے قریب پہاڑی سرحدی علاقوں میں گرائے گئے۔
افغان طالبان حکومت نے پاکستانی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ قندھار، پکتیا اور خوست میں حملوں کے نتیجے میں چار شہری ہلاک ہوئے۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملوں کو افغان خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مناسب جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان متعدد مواقع پر افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کر چکا ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان مخالف عسکریت پسند گروہوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ کابل ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *