دو دن پہلے اسلام آباد کے سیکٹر I-10/3 میں این سی سی آئی اے اور ایف آئی اے نے مشترکہ کاروائی میں ایک فلور مل پر چھاپہ مارا جہاں کال سینٹر کے طرز کا ایک سیٹ اَپ قائم تھا۔
حکام نے یہاں سے 275 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیا جو وزٹ، ٹورسٹ اور بزنس ویزوں پر پاکستان آئے تھے۔
ان میں 74 چینی، 71 انڈونیشین، 69 ویتنامی، 47 تھائی اور 14 میانمار کے شہری شامل ہیں۔
حکام کے مطابق یہ کال سینٹر چار مہینوں سے چل رہا تھا اور یہاں سے مبینہ طور پر آن لائن فراڈ، ڈیٹنگ فراڈ، ان لائن سکیمنگ ہو رہی تھی۔
این سی سی آئی اے نے آج ایک نوٹفیکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق زیر حراست ملزمان کو رکھنے کے لیے اسی بلڈنگ کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تاہم جب ہم یہاں پہنچے تو پولیس اہلکار یا سکیورٹی نظر نہیں آئی۔ مبینہ کال سینٹر کے گارڈز نے بتایا کہ کل رات ہی پولیس یہاں سے سب افراد کو لے جا چکی ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق صرف رواں سال میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف دس سے زائد چھاپے مارے جا چکے ہیں۔
یہ کارروائیاں اسلام آباد کے سیکٹرز E-11، F-10، G-9، غوری ٹاؤن اور گلبرگ گرینز سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔
حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کال سینٹرز کا خاتمہ اور پاکستان میں موجود غیر ملکی شہریوں کے ویزا اور قانونی حیثیت کی جانچ کرنا ہے۔
