اسرائیل میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار گادی آئزن کوٹ نے اتوار کو کہا کہ نگران وزیراعظم بن یامین نتن یاہو مزید ایک منٹ کے لیے بھی حکومت کے سربراہ نہیں رہ سکتے۔
ان کا یہ بیان نتن یاہو کے ایک معاون کی جانب سے مبینہ طور پر انتخابی عمل میں مداخلت کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد آیا ہے۔
قومی اتحاد کی حکومت کے ممکنہ قیام پر بات چیت کے لیے دونوں رہنماؤں کے نمائندوں کی ملاقات کے چند گھنٹے بعد آئزنکوٹ نے اپنے سیاسی حریف پر سخت تنقید کی۔
سابق آرمی چیف آئزنکوٹ نے کہا: ’نگران وزیراعظم بن یامین نتن یاہو اور ان کے ساتھیوں کا طرز عمل اسرائیلی جمہوریت کے لیے ایک ٹھوس، براہ راست اور فوری خطرہ ہے۔‘
اس سے قبل اسرائیل کے چینل 12 نے رپورٹ کیا تھا کہ انتخابات سے ایک روز قبل نتن یاہو کے چیف آف سٹاف عیدو نورڈن نے پولیس کمشنر کے دفتر میں فون کرکے عرب اسرائیلی جماعت ’رعام‘ (Raam) کے ارکان کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔
چینل 12 کے مطابق اس گفتگو کے دوران نورڈن نے پولیس اہلکاروں کو مبینہ انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے والے ایک ذرائع کی طرف رہنمائی کی، جو ماضی میں نتن یاہو کے دفتر میں ملازم رہ چکا تھا۔
اس ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر رعام کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں نتن یاہو نے عرب اسرائیلی جماعتوں کے خلاف مہم شروع کرتے ہوئے ان پر انتخابی دھاندلی کا الزام عائد کیا، کیونکہ ان جماعتوں نے انتخابات میں ریکارڈ تعداد میں نشستیں حاصل کی تھیں۔
تاہم پولیس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کو بے بنیاد قرار دیے جانے کے بعد تینوں افراد کو رہا کر دیا گیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آئزنکوٹ نے اتوار کو اپنی جماعت کی جانب سے جاری بیان میں کہا: ’میں اس معاملے کی فوری تحقیقات شروع کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔‘
دوسری جانب نتن یاہو کے دفتر نے چینل 12 کی رپورٹ کو ’غلط‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نورڈن نے ’ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنا فرض ادا کیا تھا۔‘
اپوزیشن نے نگران وزیراعظم پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اقتدار سے چمٹے رہنے کی کوشش میں عرب جماعتوں اور انتخابی عمل کی ساکھ کو مشکوک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گذشتہ ماہ ہونے والے انتخابات کے بعد نہ تو نتن یاہو کے سیاسی اتحاد اور نہ ہی آئزنکوٹ کی اپوزیشن کو حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل ہو سکیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عرب اسرائیلیوں کی دو بڑی جماعتوں، جوائنٹ لسٹ اور رعام نے آئزن کوٹ کی حمایت کا عندیہ دیا ہے، جنہیں گذشتہ ہفتے حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
ہفتے کو نتن یاہو نے آئزنکوٹ سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کے ساتھ مل کر قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دیں، تاہم سابق آرمی چیف نے ان پر ’چالیں چلنے‘ اور سیاسی کشیدگی کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا۔
