آئی پی ایل: ایک دن میں تقریباً ایک ہزار رنز

انڈین پریمیئر لیگ میں ہفتے کا دن انتہائی سنسنی خیز رہا جہاں دو میچز میں تقریباً ایک ہزار رنز سکور کیے گئے اور شائقین نے سوریا ونشی کے بلے سے ایک اور تیز ترین سینچری بنتے دیکھی۔

آئی پی ایل میں ہفتے کو پہلا میچ دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کے درمیان جبکہ دوسرے میچ میں سنرائزرز حیدرآباد اور راجستھان رائلز میں زبردست مقابلہ ہوا۔

پہلے میچ میں دہلی کیپیٹلز نے کے ایل راہل کے ناقابل شکست 152 رنز کی بدولت 264 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا جو پنجاب کی ٹیم نے باآسانی چار وکٹوں کے نقصان پر سر کر لیا۔

اسی طرح دوسرے میچ میں نوجوان سوریا ونشی نے صرف 36 گیندوں پر سینچری سکور کی اور ٹیم کو 228 رنز تک پہنچنے میں مدد دی مگر ان کی سینچری بھی رائیگاں گئی جب ابھیشک شرما کی سنرائزرز نے نو گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔

ایسے آئی پی ایل کے ان دو میچوں میں جن کھلاڑیوں نے سینچریاں سکور کیں ان کی ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مگر 15 سالہ ویبھوسوریا ونشی کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کے آس پاس کیا ہو رہا ہے کیونکہ وہ تو بس رن بنانے میں ہی مصروف ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہفتے کو انہوں نے آئی پی ایل کی ایک اور سینچری سکور کی اور وہ بھی صرف 36 گیندوں پر۔ اس اننگز میں انہوں نے 12 چھکے اور پانچ چوکے لگائے۔

یہ سنچری آئی پی ایل کی تاریخ کی تیسری تیز ترین سنچری تھی۔ اس سے قبل کرس گیل نے 2013 میں 30 گیندوں پر سنچری اور گذشتہ سال سوریا ونشی نے ہی 35 گیندوں پر سینچری سکور کی تھی۔

صرف یہی نہیں بلکہ اس سینچری کے ساتھ ہی سوریا ونشی ٹی 20 کرکٹ میں سب سے کم گیندوں پر 1000 رنز سکور کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے ٹی20 کرکٹ میں 1,000 رنز صرف 473 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے بنائے۔

اس سے پہلے یہ ریکارڈ مچل اوین کے پاس تھا، جنہوں نے 533 گیندوں میں 1,000 رنز مکمل کیے تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *