ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ 11ویں روز بھی جاری ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔
دسیوں دن کے احوال کے لیے یہاں کلک کریں
صبح 08 بجے: ایران جنگ جلد ختم ہونے والی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی ترسیل کو روکنے کی کوشش پر ایران کے ساتھ جنگ کو بڑھانے کی دھمکی دی مگر ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ تنازع جلد ختم ہو جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹرمپ کی یہ وارننگ ایک ایسے دن کے اختتام پر آئی جب عالمی مالیاتی منڈیاں اتار چڑھاؤ کا شکار رہیں، اس خدشے کے باعث کہ ایران کا سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے پیچھے متحد ہو رہا ہے اور کسی بھی وقت پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے ایران کی فضائیہ اور بحریہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور پیش گوئی کی کہ یہ تنازع اس ابتدائی چار ہفتوں کے وقت سے بہت پہلے ختم ہو جائے گا جو انہوں نے مقرر کیا تھا، اگرچہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ فتح کی شکل کیا ہوگی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز کے ذریعے ٹینکر ٹریفک کو روکنے کی کوشش کرتا ہے تو امریکی حملے تیزی سے بڑھ سکتے ہیں۔
