کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں ریسکیو اہلکاروں نے گرنے والی زیرِ تعمیر عمارت کے ملبے سے اتوار کو مزید دو لاشیں نکالی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔
کراچی ایڈمنسٹریشن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (کے ای سی ایچ ایس) بلاک چار میں 25 نومبر کو ایک زیر تعمیر عمارت گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا اور اس وقت حکام کے جانب سے حادثے میں تین اموات اور 14 افراد کے زخمی ہونے کا بتایا گیا تھا۔
تاہم ہر دن گزرنے کے ساتھ اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
کراچی میں ریسکیو 1122 کے ترجمان نے اتوار کی صبح بتایا کہ ہفتے کو رات گئے دو مزید لاشیں نکالی گئیں جن کی شناخت بھی ہو گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان خان نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’رات گئے ملبے سے نکالی گئی ایک لاش کی شناخت عباس علی ولد راہب خان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسری کی شناخت محمد مفید ولد غمین گل کے نام سے کر لی گئی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 14 ہے جبکہ ملبے سے مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ترجمان حسان خان کا کہنا ہے کہ ’امدادی کارکنوں نے ملبے میں مخصوص راستے یعنی پاکٹس بنائے ہیں جن کی مدد سے اندر داخل ہو کر تلاش کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملبہ ہٹانے اور دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے چار شاول، چار ایکسیویٹر مشینیں اور کئی ٹرک مسلسل کام کر رہے ہیں۔‘
مقدمے کا اندراج اور ملزمان کی گرفتاری
دوسری جانب 25 نومبر کو ایڈمن سوسائٹی بلوچ کالونی میں عمارت گرنے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں تھانہ ٹیپو سلطان میں درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں قتل، مجرمانہ غفلت اور لاپروائی سمیت دیگر سخت دفعات شامل کی گئی ہیں، اور عمارت کے مالکان، بلڈر و کنٹریکٹر سمیت 11 افراد کو نامزد کیا گیا جن میں سے 4 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو جمعرات کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
سرکاری وکیل کی استدعا پر عدالت نے ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ عدالت نے ایس بی سی اے کے ذمہ داران کو بھی گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
