جی ٹی اے 6 نے 1980 کی دہائی کے بنگالی فلاپ گانے کو نئی شہرت دے دی

 1982 کے ایک بنگالی ڈسکو گانے کو ’جی ٹی اے 6‘ کے ساؤنڈ ٹریک میں شامل کیے جانے کے بعد دنیا بھر میں نئے سامعین مل گئے ہیں۔

اس گانے کی 71 سالہ گلوکارہ روپا بسواس کو گانا پہلی بار جاری ہونے کے 40 سال سے زیادہ عرصے بعد ایک بار پھر شہرت مل گئی ہے۔

روپا بسواس کا گانا ’آج شنیبار‘ ان کے پہلے البم ’ڈسکو جاز‘ میں شامل تھا۔ اب یہ ویڈیو گیم کے اندر گاڑیوں میں چلنے والے ریڈیو سٹیشنوں میں سے ایک ’ورلڈ وائیڈ ایف ایم‘ پر نشر ہوتا ہے۔

کھلاڑی گیم میں دکھائی گئی امریکہ کی خیالی ریاست لیونائڈا میں گھومتے ہوئے یہ گانا سن سکتے ہیں۔

روپا بسواس نے ’ورائٹی انڈیا‘ کو بتایا: ’میں جذبات سے بے حد مغلوب ہوں۔ موسیقی کی کوئی زبان نہیں ہوتی۔‘

انہوں نے کہا: ’مجھے ٹھیک سے نہیں معلوم کہ یہ سب کیسے ہوا؟ جس ریکارڈ کمپنی کے پاس میرے گانوں کا لائسنس ہے، اس نے ’آج شنیبار‘ پیش کیا تھا، لیکن مجھے واقعات کی پوری تفصیل معلوم نہیں۔ 

’درحقیقت مجھے گذشتہ روز تک اس کا علم ہی نہیں تھا۔ مجھے ’جی ٹی اے 6‘ کے بارے میں کچھ نہیں پتہ۔ میرے بیٹے دیبائن اور بہو سومیتا نے فون کرکے مجھے اس بارے میں بتایا۔‘

انہوں نے کہا: ’جب ہم نے ’آج شنیبار‘ بنایا تھا تو ہماری خواہش تھی کہ یہ کینیڈا اور امریکہ کے لوگوں تک پہنچے۔ اگرچہ یہ بنگالی گانا تھا، لیکن ہم چاہتے تھے کہ یہ بنگالی نہ بولنے والے لوگوں تک بھی پہنچے۔‘

1955 میں انڈیا کی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں پیدا ہونے والی روپا بسواس نے کولکتہ کی رابندر بھارتی یونیورسٹی سے موسیقی کی تعلیم حاصل کی اور 1981 میں اپنے خاندان کے ساتھ کینیڈا منتقل ہونے سے پہلے آل انڈیا ریڈیو کے لیے گاتی رہیں۔

2019 میں دا گارڈین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ کیلگری میں ان کے بڑے بھائی کی جانب سے منعقد کی گئی ایک غیر رسمی محفل میں گانے کے بعد انہیں یونیورسٹی آف کیلگری میں ایک کنسرٹ کرنے کا موقع ملا۔

ان کی گلوکاری سے سرود کے استاد آشیش خان اور ان کے بھائی پرانیش خان بہت متاثر ہوئے اور بعد میں انہوں نے روپا بسواس کو ایک البم ریکارڈ کرنے کی پیش کش کی۔

اس اشتراک کے نتیجے میں ’ڈسکو جاز‘ البم تیار ہوا، جسے کیلگری میں ریکارڈ کیا گیا اور 1982 میں انڈیا میں جاری کیا گیا۔

اس البم میں ڈسکو اور جاز کے ساتھ انڈین کلاسیکی موسیقی کا امتزاج پیش کیا گیا تھا، جس میں سرود اور طبلے کی آوازیں بھی شامل تھیں۔

تاہم یہ البم وہ تجارتی کامیابی حاصل نہ کر سکا جس کی روپا بسواس کو امید تھی۔ یہ البم ایسے وقت میں جاری ہوا جب نازیہ حسن اور بپی لہری جیسے فن کاروں کے باعث انڈیا میں ڈسکو موسیقی تیزی سے مقبول ہو رہی تھی۔

روپا بسواس اس سے پہلے بتا چکی ہیں کہ ان کے پہلے البم کی صرف چند ہی کاپیاں فروخت ہوئیں اور آخرکار انہوں نے خود ایک میوزک شاپ سے اس کی کیسٹ خریدی۔

ان کا کہنا تھا: ’مجھ میں دوبارہ گانے اور نئے سرے سے آغاز کرنے کی ہمت نہیں تھی۔‘

اپریل 2024 میں ’ووگ انڈیا‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا: ’اس وقت میری عمر صرف 26 سال تھی اور مجھے اس البم سے بہت سی امیدیں وابستہ تھیں۔ میں نے خود بھی کبھی اس کے گانے نہیں سنے تھے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بسواس نے 1984 میں ٹیکسٹائل انجینیئر سے شادی کی اور انڈونیشیا منتقل ہو گئیں، جہاں وہ کبھی کبھار گاتی تھیں۔ 2010 میں شوہر کی موت کے بعد انہوں نے کچھ عرصے کے لیے گانا چھوڑ دیا۔

انہوں نے ’ووگ انڈیا‘ کو بتایا: ’2010 میں ان کی موت کے بعد میں مکمل طور پر ٹوٹ گئی تھی۔ میں نے گانا بالکل چھوڑ دیا اور کہیں آنا جانا بھی بند کر دیا تھا۔‘

بسواس موسیقی سے دور ہو چکی تھیں، لیکن ان کا البم ’ڈسکو جاز‘ دنیا بھر میں ریکارڈ جمع کرنے والوں اور ڈی جیز کی توجہ حاصل کرنے لگا۔

’ووگ انڈیا‘ کے مطابق سویڈن کے ڈی جے البیون وینبلز نے ہیمبرگ کے ایک ریکارڈ فروخت کرنے والے کی آن لائن فہرست میں یہ البم دریافت کیا اور اپنی محفلوں میں ’آج شنیبار‘ بجانا شروع کر دیا۔

کینیڈین موسیقار اور ڈی جے ڈین سنیتھ، جو کیریبو اور ڈیفنی کے نام سے زیادہ مشہور ہیں، نے بھی اپنی پرفارمنسز اور ریڈیو نشریات کے ذریعے یہ گانا دنیا بھر کے سامعین تک پہنچانے میں مدد کی۔

سنیتھ نے اس سے پہلے کہا تھا: ’اگرچہ بعض لحاظ سے یہ گانا پوری طرح اپنے دور کی نمائندگی کرتا ہے، لیکن آج بھی بالکل نیا اور تازہ محسوس ہوتا ہے۔‘

جرمن ریکارڈ لیبل اوولر نے 2017 میں اس البم کا غیر سرکاری ایڈیشن جاری کیا۔ اس کے بعد شکاگو کے پرانے ریکارڈ محفوظ کرنے والے لیبل نیومیرو گروپ نے 2019 میں اسے باضابطہ طور پر دوبارہ جاری کیا۔ بعد میں یہ گانا 2020 میں لوئیوے کی ’پاؤلاز ابیزا‘ مہم اور 2021 میں نیٹ فلکس کی سیریز ’کاؤ بوائے بی بوپ‘ میں بھی شامل کیا گیا۔

اس نئی مقبولیت نے بالآخر انہیں دوبارہ سٹیج پر پہنچا دیا۔ انہوں نے دسمبر 2023 میں کولکتہ جاز فیسٹ میں پرفارم کیا۔ 2024 میں انہوں نے ممبئی کے نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر میں بھی براہ راست پرفارم کیا۔

انہوں نے ’ووگ انڈیا‘ سے کہا: ’مجھے بہت اچھا لگتا ہے کہ بڑھاپے میں بھی لوگ مجھے بلاتے ہیں۔‘

بسواس نے چند سال پہلے دی گارڈین کو بتایا تھا: ’اتنی محبت ملنے پر بہت خوشی ہوتی ہے۔ اتنے برسوں بعد بھی لوگوں کو میری موسیقی پسند ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’مجھے پیسے کی پروا نہیں۔ مجھے بس اس بات کی خوشی ہے کہ لوگ میری موسیقی پسند کرتے ہیں۔ لڑکے، لڑکیاں، سبھی خوب ناچتے ہیں۔ یہی چیز مجھے خوشی دیتی ہے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *