’ناقابل یقین کیچ‘: موٹر سائیکل پر سوار مہران خان کرکٹ سنسیشن بن گئے

پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں دوست کی موٹر سائیکل پر بیٹھ کر کام سے گھر واپس جاتے ہوئے مہران خان نے اس وقت خالصتاً فطری ردعمل کا مظاہرہ کیا جب کرکٹ کی ایک گیند ان کی جانب اڑتی ہوئی آئی۔

انہوں نے نہایت بے فکری سے ایک ہاتھ سے گیند کیچ کر لی، جس کی ویڈیو بھی بن گئی اور اس ایک لمحے نے انہیں دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں مشہور کر دیا۔

تجربہ کار شوقیہ کرکٹر اور سرکاری ملازم مہران خان نے اے ایف پی کو بتایا: ’میں نے موٹر سائیکل چلانے والے اپنے دوست سے کہا کہ سر نیچے کر لو۔ میں چلتی ہوئی موٹر سائیکل پر تھوڑا سا کھڑا ہوا اور گیند کیچ کر لی۔‘

27 سالہ مہران نے مزید کہا: ’اس کیچ کو پکڑنے کے بعد میں کتنا خوش تھا، اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے میں نے کوئی غیر معمولی کارنامہ انجام دے دیا ہو۔‘

منگل کو مہران خان اور ان کے دوست مینگورہ شہر میں سوات پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے قریب سے موٹر سائیکل پر گزر رہے تھے کہ گیند باؤنڈری کے اوپر سے ہوتی ہوئی ان کی جانب آ گئی۔

بلے باز ابرار لالا نے ایک بلند چھکا لگایا جس سے گیند پاکستان کی خوب صورت وادی سوات میں کرکٹ گراؤنڈ سے ملحقہ سڑک کی جانب گئی، جہاں مہران خان نے اسے ہوا ہی میں ایک ہاتھ سے پکڑ لیا۔

پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ ڈپارٹمنٹ کے سرکاری ملازم مہران خان نے بتایا: ’میں بچپن سے کرکٹ کھیل رہا ہوں اور اسی میدان میں کئی میچ کھیل چکا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’جب بلے باز نے چھکا لگایا تو بے اختیار میرے دل میں خواہش پیدا ہوئی کہ کاش میں یہ گیند کیچ کر سکوں۔‘

یہ لمحہ دنیا بھر میں وائرل ہو گیا اور کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں نے بھی اس کی تعریف کی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’بڑے پیمانے پر وائرل‘

مہران خان نے کہا: ’جو شہرت بعض لوگوں کو برسوں میں نہیں ملتی، وہ مجھے صرف چند سیکنڈ کی ایک ویڈیو سے مل گئی۔

’میری زندگی مکمل طور پر بدل گئی ہے۔ اب جب بھی میں باہر جاتا ہوں تو لوگ مجھے پہچان لیتے ہیں اور میرے ساتھ سیلفیاں لینے کے لیے کہتے ہیں۔

’اس رات جب میں گھر واپس آیا تو میرے اہل خانہ نے میرا شان دار استقبال کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’اس سے پہلے کبھی کسی نے مجھ سے اس طرح سیلفی لینے کے لیے نہیں کہا تھا۔‘

بلے بازی کے ساتھ تیز بولنگ کرنے والے اور بہترین فیلڈر مہران خان نے بتایا کہ اس واقعے کی ویڈیو ایک مقامی ٹک ٹاک صارف نے اپ لوڈ کی، جس کے بعد یہ ’بڑے پیمانے پر وائرل‘ ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں خاص طور پر اس وقت فخر محسوس ہوا جب آسٹریلیا کے سابق تیز بولر بریٹ لی نے یہ ویڈیو اپنے فیس بک پیج پر شیئر کی۔

مہران نے کہا: ’میں اپنی خوشی پر قابو نہیں رکھ سکا۔ ذرا تصور کریں، میں ایک عام کرکٹ کھلاڑی ہوں اور بریٹ لی جیسے عظیم کھلاڑی میرا کیچ شیئر کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس کے ساتھ لکھا، ’ناقابل یقین کیچ‘۔‘

مہران خان اور ان کے دوست کی موٹر سائیکل ابھی تیزی سے میدان کے قریب سے گزر ہی رہی تھی کہ میچ کے کمنٹیٹر نے پولیس سے کہا کہ ان دونوں کو روک کر واپس میدان میں لایا جائے۔

مہران نے بتایا: ’میں پہلے ہی بہت پرجوش تھا، لیکن جب میں میدان میں داخل ہوا تو کمنٹیٹر نے اعلان کیا کہ میدان سے باہر کیچ پکڑنے والا شخص اب میدان کے اندر موجود ہے۔ تمام کھلاڑیوں اور تماشائیوں نے بھرپور تالیاں بجائیں۔‘

’پہاڑوں کا ایک عام آدمی‘

انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے اس کیچ پر انہیں 10,000 روپے (36 ڈالر) انعام دیا۔ انہوں نے ’اتنی عزت اور پہچان‘ ملنے پر خدا کا شکر ادا کیا۔

مہران خان نے بتایا کہ بعض آن لائن تبصروں میں سوشل میڈیا صارفین نے مذاق کیا کہ وہ گیند لے کر فرار ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا: ’لیکن یہ سچ نہیں ہے۔ میں بھاگا نہیں تھا۔ میں نے میدان کے اندر جا کر گیند ٹورنامنٹ کے منتظمین کے حوالے کر دی تھی۔‘

مہران اب امید کرتے ہیں کہ لیگ کے منتظمین اس غیر معمولی لمحے کی یادگار کے طور پر وہ گیند انہیں واپس دے دیں گے۔

آٹھ ماہ قبل باپ بننے کے بعد مہران خان محسوس کرتے ہیں کہ ان کی خوش قسمتی کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کا آغاز ان کی بیٹی کی پیدائش سے ہوا۔

انہوں نے کہا: ’جب سے وہ پیدا ہوئی ہے، مجھے مسلسل ایک کے بعد ایک خوش قسمتی نصیب ہو رہی ہے۔ شاید میں یہ کیچ بھی اسی کی وجہ سے پکڑ سکا۔‘

’جب گیند میرے ہاتھوں میں تھی تو مجھے یہ کیچ پکڑنے پر خود کو ناقابل یقین حد تک خوش قسمت محسوس ہوا۔

’میں پہاڑوں کا ایک عام آدمی ہوں، لیکن ایک کیچ نے مجھے صرف خاص ہی نہیں بلکہ بہت خاص بنا دیا۔‘

یہ میچ پاکستان کی دنیائے کرکٹ میں ایجاد ٹیپ بال سے کھیلا جا رہا تھا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *